تیز رفتا ترقی مسلم لیگ ن کی حکومت کی پہچان ہے،وفاقی وزیر تجارت

ہفتہ 4 فروری 2017 23:42

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2017ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ تیز رفتا ترقی مسلم لیگ ن کی حکومت کی پہچان ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے ،عزیز کراس فلائی اوور ایک شاہکار کی حیثیت رکھتاہے ، جن لوگوں نے خیبر پختونخواہ کو کھنڈر بنا دیا وہ کس منہ سے ہمارے منصوبوں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں ،مخالفین کی تنقید کا جواب مزید ترقیاتی منصوبوں کی شکل میں دیں گے ، خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر عزیز کراس فلائی اوور کے دورہ موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی کرشماتی قیادت نے چند سالوں میں پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی اور روشنی کی نئی منازل کی طرف گامزن کر دیا ہے اور آج کاپاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ،ترقی یافتہ، روشن اور مستحکم ہے،انہوںنے مزید کہا کہ عزیز کراس فلائی اوور کا منصوبہ شہر کی ترقی کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو گا، یہ منصوبہ اپنے طرز تعمیر کے حوالے سے ایک شاہکار کی حیثیت رکھتا ہے ،انہوںنے این ایل سی حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کی آسانی کے لئے فلائی اوور کا پنڈی سے شہر کی طرف آنے والا راستہ چند دنوں میں کھولا جائے اور منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ، انہوںنے کہا کہ مخالفین تنقید برائے تنقید کا وطیرہ اپنائے ہوئے ہیں ہم انکی تنقید کا جواب مزید ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں دیتے رہیں گے ، اس موقع پر این ایل سی کے پراجیکٹ ڈائر یکٹر کرنل عاصم نے وفاقی وزیر کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :