آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایاگیا‘چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے تقاریب،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد

کشمیری شہداء کی یاد میں ملک بھر میں صبح 10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ملکی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم کاکشمیری بھائیوں کی سیاسی‘اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

اتوار 5 فروری 2017 12:50

اسلام آباد/لاہور/کراچی/مظفرآباد/میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2017ء)آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایاگیا،چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے تقاریب،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا،کشمیری شہداء کی یاد میں ملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی،ملکی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا،چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے تقاریب،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد،لاہور سمیت ملک بھر میں کشمیری شہداء کی یاد میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر ٹریفک بھی رکی رہی،لاہور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ چیئرنگ کراس پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے سامنے اور دیگر مقامات پر ٹریفک روک دی گئی،شہریوں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اورجدوجہد کے احترام میں مکمل خاموشی اختیار کی۔

اس موقع پر شہریوں نے کہاکہ عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی غاصبانہ قبضے سے آزادی دلانے کیلئے کردار ادا کرے،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمنگلہ اور کوہالہ پل سمیت پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔مظفرآباد میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑی کار موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا،ریلی میں پہلی مرتبہ فلوٹس بھی شامل کیے گئے،فلوٹس پر بھارتی مظالم کی منظر کشی کرتے بینرز اور تصاویز آویزاں کی گئی تھیں،ریلی میں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت،سماجی شخصیات،چاروں صوبوں کے نمائندہ افراد سمیت مہاجرین جموں وکشمیر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مظفرآباد میں برہان وانی چوک کا بھی افتتاح کیا گیا،کوہالہ پل کے مقام پر پاکستانی اور کشمیری شہریوںنے پیلٹ گن سے متاثرہ بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آنکھوں پر پٹیاں بھی باندھیں،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملکی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔