عام انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کو کراچی میں مضبوط کریں گے ،سینیٹر سعید غنی

یہ کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہوگی، سنی تحریک سے پی پی میں آنے والے دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،شمولیتی اجتماع سے خطاب

اتوار 5 فروری 2017 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2017ء)پاکستان سنی تحریک کے کارکنان نے پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سینیٹر سعید غنی سے ملاقات کی اور پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نوید انتھونی، ذوالفقار قائم خانی بھی شریک تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ سنی تحریک سے پی پی میں آنے والے دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کو کراچی میں مضبوط کریں گے اور 2018ء میں پی پی پی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہوگی۔ حال ہی میں دیئے گئے مشیروں اور معاون خصوسی کے استعفوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ نہیں دیا کہ ہم مشیر نہیں رہ سکتے، ہائی کورٹ نے یہ کہا ہے کہ مشیروں کے پاس محکمے نہیں ہونے چاہئیں ، ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ صرف ایک مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کے بارے میں تھا اور ان کے خلاف پٹیشن داخل کرنے والا شخص ایس ایم لا کالج کا پرنسپل بننا چاہتا تھا۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ وہاب کے انکار کے بعد وہ ان کے خلاف عدالت چلا گیا اور پھر ہمیں سننے بغیر تمام مشیروں کے خلاف فیصلہ دے دیا گیا۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا سندھ ایڈوائزر ایکٹ2003ء کے تحت وزیراعلیٰ اپنے اختیارات مشیر کو دے سکتا ہے۔چیف جسٹس کے استحقاق کو کوئی مجروح نہیں کرسکتا، نہ جانے کیوں وزیراعلیٰ کے استحقاق کو مجروح کیا جارہا ہے۔ ہمیں سننے بغیر فیصلہ دے دیا جاتا ہے اور میری تنخواہ کی بات کی گئی تو میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے سندھ حکومت سے بحیثیت مشیر 6ماہ میں ایک روپے بھی نہیں لیا۔

میرے محکمہ میں کروڑوں کی کرپشن کے خلاف اقدام اٹھایا تو کرپٹ مافیا کو عدلیہ نے اسٹے دے دیا اور ہمیں انکوائری سے روک دیااور میں نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ مستعفی ہونے کی وجوہات میں سے ایک وجہ حالیہ دنوں میں عدلیہ کے چند فیصلے ہیں جن کی وجہ سے میرے محکمے میں کرپٹ مافیا کا سہارا مل رہا تھااور میرا کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن کسی غلط فیصلے کو غلط کہنے کا حق بھی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا تھا کہ جوق درجوق پی پی میں شمولیت کرنے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور روز بروز پیپلز پارٹی کی قیادت پر عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد روشن کل کا پتہ دے رہا ہے۔#

متعلقہ عنوان :