سکیورٹی فورسز کی فاٹا خیبر ایجنسی میں کارروائی، داعش سے تعلق رکھنے والے 4دہشتگرد گرفتار

دہشت گردوں کو اٴْس وقت گرفتار کیا گیا جب یہ افغان سرحد سے پاکستانی علاقے میں داخل ہورہے تھے، پولیٹیکل انتظامیہ

منگل 7 فروری 2017 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8فروری۔2017ء) سکیورٹی فورسز نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی سے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ان دہشت گردوں کو اٴْس وقت گرفتار کیا گیا جب یہ افغان سرحد سے پاکستانی علاقے میں داخل ہورہے تھے۔حکام نے مزید بتایا کہ ان چاروں دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی وجہ افغان سکیورٹی فورسز سے ہونے والی جھڑپ بتائی جارہی ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق چاروں ملزمان کا تعلق داعش سے ہے۔خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

فاٹا کے ان قبائلی علاقوں میں ماضی میں بھی سرحد پار سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد داخل ہوچکے ہیں اور چیک پوسٹس کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جاچکی ہیں، جنہیں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ناکام بنایا گیا۔گذشتہ سال افغانستان کی سرحد کے ساتھ واقع پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے افغان دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرکے 4 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔