چینی کی جدید ’سلک روڈ سًمٹ‘ میں برطانیہ کو شرکت کی دعوت

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو مئی میں ہونے والی اس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ،ْ برطانوی میڈیا

بدھ 8 فروری 2017 22:38

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2017ء)چین نے ایک خطہ ایک سڑک نظریے کے تحت ’جدید سلک روڈ‘ کی تعمیر کے سلسلے میں ہونے والی سمٹ میں برطانیہ کو بھی شرکت کی دعوت دے دی۔سفارتی ذرائع نے برطانوی میڈیا کو اس بات کی تصدیق کی کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو مئی میں ہونے والی اس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔قبل ازیں برطانوی حکومت کی جانب سے بھی یہ بیان سامنے آیا تھا کہ تھریسا مے رواں برس چین کا سرکاری دورہ کریں گی۔

واضح رہے کہ ایک خطہ ایک سڑک‘ چینی صدر شی جن پنگ کا شہرہ آفاق پروگرام ہے جس کے تحت وہ ایشیا، افریقا اور یورپ بھر میں ریلویز، بندرگاہوں اور پاور اسٹیشنز سمیت انفرااسٹرکچر کے دیگر منصوبوں پر اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

چین نے سلک روڈ فنڈ کیلئے 40 ارب ڈالر مختص کیے ہیں اور چینی حمایت یافتہ 50 ارب ڈالر کے ایشین انفرااسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام کا مقصد بھی یہی تھا کہ اس کے ذریعے سلک روڈ منصوبوں کیلئے سرمایہ حاصل کی جاسکے۔

مئی میں ہونے والی سمٹ میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت کے حوالے سے چین کی جانب سے زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔گزشتہ ہفتے چین کے اسٹیٹ کونسلر یانگ جائی چی نے مقامی اخبار کو بتایا تھا کہ ایشیا، یورپ، افریقا اور لاطینی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 20 ممالک کے سربراہان مملکت نے سمٹ میں شرکت کی تصدیق کردی تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے تھے۔

بیجنگ میں موجود ایک سفارتی ذریعے نے دعوت نامے کی فہرست کے حوالے سے بتایا کہ اس میں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا نام بھی شامل ہے۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سفارتی ذریعے نے بتایا کہ چین ان ممالک کا انتخاب کررہا ہے جنہیں وہ اپنا دوست سمجھتا ہے اور جو ایک خطہ ایک سڑک کے نظریے کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔دیگر دو ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ دعوت نامے کی فہرست میں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا نام شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ چین میں ہونے والا یہ 2017 کا اہم ترین ایونٹ ہوگا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے بتایا کہ سمٹ کی تیاریاں بہترین طریقے سے جاری ہیں اور اس کی تفصیلات اور شرکاء کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔