لندن کے ہوٹل میں ایئرانڈیا عملے کی حرکت بھارت کیلئے شرمندگی کا باعث بن گئی

ائیر انڈیا کا عملہ ہوٹل میں قیام کے دوران اپنے ساتھ ڈبوں میں کھانا بھر کر ساتھ لے جاتا ہے ،ہوٹل انتظامیہ کا شکوہ

بدھ 8 فروری 2017 19:59

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2017ء)برطانوی دارالحکومت لندن کے ہوٹل میں ایئرانڈیا عملے کی حرکت بھارت کیلئے شرمندگی کا باعث بن گئی، لندن ہوٹل کی انتظامیہ نے ائیر انڈیا سے شکایت کی ہے کہ ان کے اسٹاف کا عملہ ہوٹل میں قیام کے دوران اپنے ساتھ ڈبے لاتے ہیں اور اس میں کھانا بھر کر ساتھ لے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ائیر لائن ائیر انڈیا کی انتظامیہ کو اس وقت سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب لندن میں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ای میل موصول ہوئی جس میں شکایات کی گئی تھی کہ ائیر انڈیا کا فلائٹ اسٹاف ہوٹل میں قیام کے دوران ناشتے کے لیے خالی ڈبے اپنے ساتھ لاتے ہیں اور پھر ان میں چیزیں بھر کر اپنے ساتھ لے جاتے ہیں تاکہ بعد میں کھا سکیں۔

ائیر انڈیا کے اسٹاف ممبران میں سے ایک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کچھ افراد اس میں شامل ہوسکتے ہیں کیونکہ کنٹریکٹ ملازمین کو کھانے کا کم الانس دیا جاتا ہے جب کہ فلائٹ کے وقت میں کمی کے باعث کچھ جہاز کا عملہ باکس میں کھانا رکھ لیتے ہیں۔ادھر ائیر انڈیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔