پاکستان کے ساتھ مختلف سیاسی و اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیار ہیں،ایرانی صدر

ایران جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خیر مقدم کرتا ہے ،ایران اور پاکستان کے پاس بے شمار مواقع ہیں جنھیں دونوںممالک کی مرضی کے مطابق دوطرفہ تعلقات ،معاشی ،سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں فروغ دینا چاہیے ایرانی صدر حسن روحانی کی وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلی فونک گفتگو ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سے ایک ہے،وزیراعظم نوازشریف کی 1979کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر ایران کو مبارکباد،حسن روحانی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی

ہفتہ 11 فروری 2017 15:34

اسلام آباد/تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری2017ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مختلف سیاسی و اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیار ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق جمعہ کی شام وزیراعظم نوازشریف اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے اسلام آباد اور تہران کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی تعریف کی اور کہاکہ ایران جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خیر مقدم کرتا ہے ۔

انکا کہنا تھاکہ ایران اور پاکستان کے پاس بے شمار مواقع ہیں جنھیں دونوںممالک کی مرضی کے مطابق دوطرفہ تعلقات ،معاشی ،سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں فروغ دینا چاہیے ۔انھوںنے اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او) کے آئندہ اجلاس پاکستان میں منعقد ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رکن ممالک مثبت پیش رفت اور قریبی تعلقات اور تعاون کا مشاہدہ کریںگے ۔

(جاری ہے)

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے 1979کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر ایران کو مبارکباد دی اور کہاکہ ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سے ایک ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے 13ویں ای سی او اجلاس میں شرکت کیلئے ایرانی صدر حسن روحانی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہاکہ ایران کی اجلاس میں موجودگی تنظیم کی حیثیت کو فروغ دینے کیلئے بہت اہم ہے ۔