سپریم کورٹ کے پابندی کے فیصلے کے باوجود شریف فیملی کی شوگرملیں چل رہی ہیں، تحریک انصاف پنجاب

شریف خاندان نے 35 سالوں سے اپنے ذاتی مفادات کے لئے سرکاری اثرورسوخ استعمال کیا، اعجازاحمدچوہدری اور محمود الرشید کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 13 فروری 2017 10:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء )پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنماء اعجازاحمدچوہدری ، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن اور رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے اختیارات کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے خاندان کی شوگرملوں کو جنوبی پنجاب منتقل کیا، سپریم کورٹ کے پابندی کے فیصلے کے باوجود شریف فیملی کی شوگرملیں اب بھی چل رہی ہیں، عدالت عالیہ نے شریف فیملی پر اختیارات کے ناجائز استعمال پر فیصلہ دیا، سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے لاہور ہائیکورٹ کے اسٹے خارج کرکے شوگر ملز بند کرنے کا حکم دیا ، رہنماؤں نے کہاکہ لاہورہائیکورٹ میں بھی شہبازشریف کو نااہل قرار دینے درخواست دی، ہمارا موقف تھا کہ شہبازشریف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ، اعلیٰ عدالت نے ہمیں پنجاب اسمبلی کے سپیکر سے رجوع کرنے کی درخواست کی ،شہبازشریف کی نااہلی کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کے موقع پر سپیکر کے پاس جانا چاہتے تھے لیکن سپیکر نے راہ فرار کیا، تحریک انصاف کاریفرنس بالکل واضح ہے ، عدالت عالیہ نے ڈکلیئر کیا ہے کہ شہبازشریف نے اپنے حلف سے بے وفائی کی ہے ، شریف خاندان نے 35 سالوں سے اپنے ذاتی مفادات کے لئے سرکاری اثرورسوخ استعمال کیا،شہبازشریف نے لندن میں بھی ڈیفالٹ کیا اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جانا چاہئے ،رہنماؤں نے کہاکہ سپریم کور ٹ کے فیصلے کے بعد سپیکر کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، اسمبلی کے فلور پر کہتے رہے کہ شہبازشریف اسمبلی آکر جواب دیں، پنجاب اسمبلی میں بات کرناچاہتے تھے ، اس معاملے پر لیکن سپیکر نے غیر معینہ مدت کے لئے اجلاس ملتوی کردیا،پی ٹی آئی کے رہنماء اپنے سینئر ایڈووکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان کے ہمراہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے شہبازشریف کی نااہلی کے حوالے سے بھرپور دلائل دیں گے آج سے سپیکرپنجاب اسمبلی کا امتحان شروع ہو گا کہ وہ اپنے آپ کو غیر جانبدار رکھتے ہیں یا نوازشریف کے گھر کا آدمی ثابت کرتے ہیں، سپیکرپنجاب اسمبلی کے پاس غیر جانبدار رہنے کا سنہری موقع ہے کہ وہ تاریخ میں اپنا نام رقم کریں، سپیکر فریقین کا موقف سن کر ریفرنس کے حوالے سے میرٹ پر فیصلہ کریں اور ریفرنس کو فوری طور پر الیکشن کمیشن کے پاس بھیجیں ، شہبازشریف اخلاقی اور قانونی طو ر پر وزیراعلیٰ اور رکن صو بائی اسمبلی رہنے کے اہل نہیں رہے ، وہ اپنے حلف سے غدار ی کے مرتکب ہونے پر صادق اور امین نہیں رہے ، شہبازشریف نے ذاتی اور خاندانی کاروبار کو مفاد عامہ پر ترجیح دی ، بڑے نوازشریف کے ساتھ چھوٹا بھائی شہبازشریف بھی جلد نااہل ہونے والا ہے ، رہنماؤں نے کہاکہ ہم امیدکرتے ہیں کہ سپیکر اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے،شہبازشریف نے آئین کے 63/2 کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، شہبازشریف کو فوری طور پر برطرف کیا جائے ، پوری قوم جانتی ہے کہ حکمران ننگے ہو چکے ہیں اور قوم کے مال کو لوٹ کر اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا ہے ، ایک سوال کے جواب میں رہنماؤں نے کہاکہ سپیکر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر و دیگر ارکان اسمبلی کے مائیک بند نہیں کئے جائیں گے اور انہیں اپنے موقف کاپورا موقع دیا جائے گا، سپیکر نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو نہ بھیجا تو ہم دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے ، سپیکر نے ریفرنس مسترد کیا تو اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کالائحہ عمل تشکیل دیں گے ، رہنماؤں نے کہاکہ شوگر ملوں کو بند کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف بڑا فیصلہ دیا ہے ، شریف خاندان کے خلاف فیصلوں کا آغا ز ہو گیا ہے ان پر پابندیاں بھی لگیں گی اور یہ نااہل بھی ہوں گے، (ن) لیگ جتنااعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے وہ سب کو معلوم ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رانااخترحسین ، اشتیاق ملک ، میاں صدام سکھیرا، وسیم ظفر جٹ بھی موجود تھے۔