ترک حکام نے یورپ میں حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں دو غیر ملکی گرفتار کرلئے

پیر 13 فروری 2017 10:18

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء)ترک حکام نے دولت اسلامیہ جہادی گروپ کی طرف سے یورپ میں حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں دو غیر ملکی باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے،یہ بات نجی دوگان نیوز ایجنسی نے گزشتہ روز کہی۔ان افراد کی شناخت 35سالہ عبداللہ الحلابی ،لبنانی نژاد ڈینش شہری اور 38سالہ عراقی نژاد سوڈش شہری محمد توفیق صالح کے طور پر ہوئی ہے۔

دوگان کا کہنا ہے کہ دونوں نے مبینہ طور پر تین سال قبل آئی ایس میں شمولیت اختیار کی اور شام میں تربیت کیلئے ہتھیار حاصل کئے۔انہوں نے مبینہ طور پر 12روز قبل واپس ترکی کا سفر کیا۔

(جاری ہے)

اس کا کہنا ہے کہ داعش(آئی ایس) کے دو ارکان یورپ میں خونی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔اس نے مزید بتایا کہ پولیس نے شامی سرحد کے نزدیک جنوبی عدانہ صوبہ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں وہ چھپے ہوئے تھے اور انہیں دس روز کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سویڈش انٹیلی جنس ادارے ساپو نے روزنامہ آفن بلاڈٹ سے ایک سویڈش شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ساپو کی خاتون ترجمان نینا اوڈر مالنشائی نے کہا کہ ہم اس گرفتاری سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ترک تحقیقات میں کیا چیز سامنے آئی۔

متعلقہ عنوان :