’’وزیراعلیٰ خود روزگارسکیم‘‘ ،13لاکھ خاندانوں میں ساڑھے 26ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم

دو برس میںمزید7لاکھ خاندانوں میں 14ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جائینگے‘محمد شہبازشریف عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیو الے شکست خوردہ عناصر کو نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں سے بھی تکلیف ہورہی ہے نوجوانوں کی قیادت کے نام نہاد دعویداروں کی منفی سیاست سے نوجوان متنفر ہوچکے ہیں ، بے مثال ترقی دیکھ کرانکی پریشانی بڑھ رہی ہے قومی وسائل کی لوٹ ماراوراربوں روپے قرضے معاف کراکر ارب پتی بننے والے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف باتیں کررہے ہیں غریب قوم کے ترقیاتی منصوبوں میں اربو ں روپے کی بچت کرنیوالے لیڈر پربے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں،وسائل کی لوٹ مار اوردھرنوں کے ذریعے ملک کے اندھیرے بڑھانے کی سازش کی گئی،جسے باشعورعوام نے ناکام بنایا ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے، ہر وعدہ پورا کر کے عوام کی عدالت میں سرخروہوں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 12 فروری 2017 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اورقوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اورپاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ، نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کیلئے سرمایہ کاری ہے ،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورانہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے پہلے بھی وسائل میں کوئی کمی نہیں آنے دی اورآئندہ بھی وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اورانہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے انقلابی پروگرام شروع کررکھے ہیں اورہم نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس نے آج ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں اوراس سکیم کے تحت لاکھوں گھرانوں کی زندگیاں بدل چکی ہیں۔خود روزگارسکیم کے تحت 13لاکھ خاندانوں میں ساڑھے 26ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیںجبکہ آئندہ دو برس میں 14ارب روپے کے مزید بلاسود قرضے تقسیم کیے جائیں گے،جن سے 7لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،اسی طرح’’وزیراعلیٰ ای روزگار سکیم‘‘حکومت پنجاب کا ایک اور انقلاب آفرین پروگرام ہے جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو جدید علوم کی تربیت دی جاچکی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوزکی گئی ہے اورمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جارہی ہے اورہم2018ء تک20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ہدف کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔فنی تعلیم کے فروغ سے غربت اوربے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیو الے شکست خوردہ عناصر کو نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں سے بھی تکلیف ہورہی ہے ۔ نوجوانوں کی قیادت کے نام نہاد دعویداروں کی منفی سیاست سے نوجوان متنفر ہوچکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا ۔سابق دور حکومت میں وسائل کی لوٹ مار نہ کی جاتی تو ملک مسائل کے دلدل میں نہ پھنستا ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کے ہر طرف اندھیرے پھیلانے والے آج کرپشن کیخلاف لیکچر دے رہے ہیں۔ قومی وسائل کی بے دردی سے لوٹ ماراوراربوں روپے قرضے معاف کراکر ارب پتی بننے والے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف باتیں کررہے ہیں ۔غریب قوم کے ترقیاتی منصوبوں میں اربو ں روپے کی بچت کرنیوالے لیڈر پربے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بے مثال ترقی دیکھ کر ہمارے مخالفین کا خوف اورپریشانی بڑھ رہی ہے ۔سڑکوں پر تماشا لگانے والوں نے ملک کو تماشا بنا کر رکھ دیا تھا۔اداروں کی تذلیل کرنیوالوںنے ملک میں گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وسائل کی لوٹ مار اوردھرنوں کے ذریعے ملک کے اندھیرے بڑھانے کی سازش کی گئی لیکن پاکستان کے 20کروڑ باشعورعوام نے ایسے عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم وطن عزیز کی ترقی اورخوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان معاشی طورپر مستحکم ہورہا ہے ۔ پاکستان کو معاشی طاقت بنانا مسلم لیگ(ن) کا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے سردھڑ کی بازی لگادیں گے۔عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کر کے عوام کی عدالت میں سرخروہوں گے۔