پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں،سب اس بات پر متفق بھی ہیں، کچھ شر پسند عناصر باہر سے پنجاب میں آتے ہیں ،انہیں قابو میں لانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیر مملکت داخلہ محمد بلیغ ا لرحمان

بدھ 15 فروری 2017 19:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات فروری ء) وزیر مملکت برائے داخلہ محمد بلیغ ا لرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریا نہیں،سب اس بات پر متفق بھی ہیں، کچھ شر پسند عناصر باہر سے پنجاب میں آتے ہیں انہیں قابو میں لانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے یہاں آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں اور ویسے بھی پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے یہاں اپنا کام بہتر طریقے سے کر رہے ہیں جسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، نیکٹا فعال ہے جبکہ موبائل سموں کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے، انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں صوبائی حکومتیں بھی تعاون کر رہی ہیں اور یہی اس کی خوبصورتی بھی ہے کہ ہم سب متحد ہیں جس کی وجہ سے کراچی اور فاٹا سمیت پورے پاکستان میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کافی بہتر اور پرامن ہے، پاکستان میں امن و امان کی بحالی میں ہماری پاک فوج کے جوانوں سمیت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں اور وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو کوآرڈینیٹ بھی کر رہی ہے، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کیا گیا جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں اور کراچی کی روشنیاں بحال ہو گئی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لائوڈ اسپیکر کے غلط استعمال سمیت اشتعال انگیز تقاریر اور ایسے مواد کو فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی گئی اور ہزاروں لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فی الحال تو آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں لیکن اگرضرورت پیش آئی تو یہاں بھی ضرور آپریشن ہو گا، بلیغ ا لرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جا رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کی موثر و کارآمد پالیسیوں کی بدولت آج ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :