عمران خان ،جہانگیر ترین نا اہلی ریفرنس سماعت

عمران نے بنی گالہ اراضی پر غلط بیانی اور منی ٹریل پیش نہیں کیں ،وہ صادق اور امین نہیں رہے،وکیل اکرم شیخ کے دلائل ،مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے دائر کئے جانے والے دو پٹیشنز کی سماعت8مارچ تک ملتوی

بدھ 22 فروری 2017 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات فروری ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے جانے والے نااہلی ریفرنس کی سماعت16 مارچ اور مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے دائر کئے جانے والے دو پٹیشنز کی سماعت8مارچ تک ملتوی کر دی ہے بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنسز کی سماعت کی اس موقع پر مسلم لیگ ن کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں بنی گالہ اراضی کے حوالے سے غلط بیانی کی ہے اور منی ٹریل سے بھی کمیشن کو اگاہ نہیں کیا ہے انہوںنے کہاکہ عمران خان نے دو شناختی کارڈزمختلف مواقع پر استعمال کئے ہیں اور وہ اب صادق اور امین نہیں رہے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اس سلسلے میں آپ نے پہلے بھی دلائل دئیے تھے اور ہمارے پاس تحریری طور پر بھی موجود ہے چیف الیکشن کمشنر نے دریافت کیا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے جو دو نئے پٹیشنز داخل کئے گئے ہیں کیا ان کو اسی کیس کے ساتھ رکھا جائے جس پر اکرم شیخ نے کہاکہ ان پٹیشنز میں مزید الزامات عائد کئے گئے ہیں جو کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنسزمیں نہیں تھے چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی سماعت کو چیلنج کیا ہے اور ابھی اس کیس کا فیصلہ آنا ہے جس کے بعد ہم کوئی فیصلہ کر سکیں گے انہوںنے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے ووکلا کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر کیس کی سماعت16مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کئے جانے والے پٹیشنز پر دلائل اور فیصلہ8مارچ کو جبکہ سپیکر ریفرنسز کا فیصلہ16مارچ کو کیا جائے گا۔

۔۔اعجاز خان