شیخ رشید کے ساتھ پیش آنیوالے واقعہ پر معافی مانگتا ہوں،ترجمان پنجاب حکومت

پیر 6 مارچ 2017 11:11

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6مارچ۔2017ء)ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری کا کہنا ہے کہ شیخ رشید عوامی لیڈر ہیں اور ان کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی زیادتی پر معافی مانگتا ہوں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے زعیم قادری کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ واپس آ رہی ہے جو خوش آئند بات ہے، کرکٹ کی بحالی اور پاکستان کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے پوری قوم فائنل میچ کو کامیاب بنائے گی، حکومت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور عوام کو اچھی تفریح فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا قذافی اسٹیڈیم میں نہ آنے کا فیصلہ ان کا اپنا مسئلہ ہے، جو میچ دیکھنے آئے گا وہ سرآنکھوں پر ہو گا، شائقین کی مہمان نوازی کے لئے تمام وزرا سڑکوں پر ہوں گے۔زعیم قادری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں، بطور لاہوری ان سے معافی بھی مانگتا ہوں، وہ پاکستانی لیڈر اور عوامی نمائندے ہیں، ان کا اسٹیڈیم آمد پر استقبال کیا جائے گا اور انہیں بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، آج کے میچ پر کوئی سیاست نہیں کریں گے۔