تحریک انصاف نے پنجاب اور وفاق کے وزراء کے تربیتی کورس کرانے کا مطالبہ کر دیا

عمران خان قومی لیڈر ہیں ان سے کسی غلط بات کو جوڑنا برداشت نہیں کرینگے‘میاں محمود الر شید

جمعہ 10 مارچ 2017 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء) قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے پنجاب اور وفاق کے وزراء کے تربیتی کورس کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ن لیگ کے رکن اسمبلی جاوید لطیف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا انکا کہنا تھا کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں ان سے کسی غلط بات کو جوڑنا برداشت نہیں کرینگے، میاں محمود الر شید نے سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ بد اخلاقی اور بد زبانی پر جاوید لطیف کی اسمبلی رکنیت کو معطل کیا جائے اور تمام حکومتی اراکین اسمبلی اور وزراء کی اخلاقی تربیت کا کورس کرایا جائے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ پا نا مہ کیس کا فیصلہ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے حکومت کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے، ایک طرف وزیر اعظم کے دورے ہی ختم نہیں ہو رہے جبکہ دوسری جانب وزرا فوجی شہادتوں، سرحدی کشیدگی سمیت اہم قومی نوعیت کے معاملات میں تو زبان بندی کر لیتے ہیں اور پھٹیچر والی بات کو ایشو بنا دیتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنا رویہ بدلنے کی ضرورت ہے، ہائوس چلانے کیلئے انکو غیر جانبدار رہنا ہوگا اور انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو احتجاج نہیں چلنے دیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات نا کام ہو گئے جس پر میاں محمود الر شید کی سربراہی میں اپوزیشن نے دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر اجلاس کیا ، اس موقع پر قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سپیکر کا اپوزیشن سے رویہ ٹھیک نہیں جب تک وہ اپنے رویے پر معذرت نہیں کرتے ایوان میں نہیں جائیں گے۔ دوسری جانب مذاکرات کا دوسرا رائونڈپیرکے روز ہوگا۔