تحریک انصاف کی جانب سے عوامی حلقوں میں غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر منفی مہم چلا کر سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، عمران خان کے حق میں فیصلے نہیں آتے تو بہتان تراشیاں کرتے ہیں، پہلے دھاندلی کا ڈرامہ رچایا گیا، اب پانامہ پر سیاست چمکائی جا رہی ہے، تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے محمد نوازشریف عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں، پاکستان کے عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں کیونکہ وہ قوم کی ترقی کی سیاست کرتے ہیں،جو میڈیا ٹرائل مریم نواز کا ہوا ایسا کسی کی بہن اور بیٹیوں کے بارے میں نہیں ہوا کرتا، مریم نواز کی حیثیت کا تعین پاکستانی قوم کرے گی، انہوں نے پاکستان کا پہلا ہیلتھ کیئر پروگرام شروع کیا، اسلام آباد کے 422 سکولز میں تعلیمی اصلاحات کا پروگرام متعارف کرایا، پہلی یوتھ لون سکیم متعارف کروائی، جتنی سازشیں اور من گھڑت دستاویزی فلمیں بنا لیں جیت حق کی ہوگی، سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی، سوشل میڈیا پر منفی مہم اور بے بنیاد پراپیگنڈہ سائبر کرائم میں آتا ہے

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا دانیال عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے عوامی حلقوں میں غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر منفی مہم چلا کر سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، عمران خان کے حق میں فیصلے نہیں آتے تو بہتان تراشیاں کرتے ہیں، پہلے دھاندلی کا ڈرامہ رچایا گیا، اب پانامہ پر سیاست چمکائی جا رہی ہے، تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے محمد نوازشریف عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں، پاکستان کے عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں کیونکہ وہ قوم کی ترقی کی سیاست کرتے ہیں،جو میڈیا ٹرائل مریم نواز کا ہوا ایسا کسی کی بہن اور بیٹیوں کے بارے میں نہیں ہوا کرتا، مریم نواز کی حیثیت کا تعین پاکستانی قوم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کا پہلا ہیلتھ کیئر پروگرام شروع کیا، اسلام آباد کے 422 سکولز میں تعلیمی اصلاحات کا پروگرام متعارف کرایا، پہلی یوتھ لون سکیم متعارف کروائی، جتنی سازشیں اور من گھڑت دستاویزی فلمیں بنا لیں جیت حق کی ہوگی، سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی، سوشل میڈیا پر منفی مہم اور بے بنیاد پراپیگنڈہ سائبر کرائم میں آتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں آنا ہے، عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن کوئی ایسی بات کرے جو عمران خان کے خلاف ہو تب کہا جاتا ہے الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے کئی بڑے منصوبوں کے فیتے کاٹے جس کی عمران خان کو تکلیف ہو رہی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی ساڑھے تین سال کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی، 16 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی تاہم موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، تمام صوبائی حکومتوں نے وفاق کے ساتھ مل کر دہشت گردی پر قابو پایا ہے، موٹرویز جہاں چھوڑی تھیں وہاں سے آگے دوبارہ بنائی جا رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، کسی رہنما کا اتنا میڈیا ٹرائل نہیں ہوا جتنا وزیراعظم محمد نواز شریف کا ہوا، مریم نواز کا جو ٹرائل کیا گیا ویسا کسی ماں بیٹی کا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی مہم اور بے بنیاد پروپیگنڈا سائبر کرائم میں آتا ہے،اس پر سیاست کرنے والوں کا فیصلہ عوام کرے گی، اگر ہم نے سائبر کرائم کے تحت کارروائی کی تو ہم پر الزام لگایا جائے گا کہ ہم انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی مہم چلائیں سپریم کورٹ قانون کے مطابق فیصلہ دے گی، ہمیں سپریم کورٹ پر اعتماد ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو بھی سپریم کورٹ پر اعتماد ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ کچھ لوگ عدالتی فیصلے آنے سے قبل فیصلہ سنا رہے ہیں، مریم نواز کے زیر کفالت ہونے کا ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش کیا گیا، پی ٹی آئی نے سڑکوں پر احتجاج بھی کیا اور سپریم کورٹ میں درخواست بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی جا رہی ہے، سپریم کورٹ میں جب کمیشن بننے لگا تو پی ٹی آئی نے کہا ہم بائیکاٹ کریں گے، سمارٹ ڈاکیومنٹریز اور پوسٹرز کے ذریعے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے، ابھی فیصلہ محفوظ ہے اور الیکشن کمیشن کے خلاف جنگ کا اعلان کردیا گیا، لوگوں کو اداروں کے خلاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ادارہ ان کے خلاف فیصلے کرتا ہے تو وہ واویلا شروع کر دیتے ہیں کہ یہ سب ادارے مسلم لیگ (ن) سے ملے ہوئے ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :