پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کو سیاسی وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی پاداش میں قتل کیا گیا ‘پیپلزپارٹی

شوکت بسرا پر بھی اسی طرح حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے اور انکا ایک ساتھی شہید ہو گیا تھا یہ انتقامی کارروائیاں پنجا ب حکومت کے ایما پر کی جا رہی ہیں ،پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی‘قمرالزمان کائرہ ، ندیم افضل چن و دیگر کا مشترکہ بیان

پیر 13 مارچ 2017 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور ،سیکرٹری جنرل پنجاب ندیم افضل چن اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کو سیاسی وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی پاداش میں قتل کیا گیا ،مقتول کو دھمکیاں دی جاتی رہیں کہ پارٹی بدل لو اور صلح کر لو ورنہ انجام اچھا نہیں ہو گا ۔

پیپلز پارٹی رہنماں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ہارون آباد میں پارٹی رہنما شوکت بسرا پر بھی اسی طرح حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے اور انکا ایک ساتھی شہید ہو گیا ، یہ کارروائیاں پنجا ب حکومت کے ایما پر کی جا رہی ہیں اور پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی ،پنجاب حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پولیس صوبے میں مسلم لیگ (ن)کا عسکری ونگ بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

رہنماں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف دشمن بن کر سامنے آنے کے بجائے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرے ،پیپلز پارٹی آخر کب تک خاموشی سے اپنے کارکنوں کی لاشیں اٹھاتی رہے گی ۔ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پنجاب کے عوام اس حکومت کو اٹھا کر پھینک دیں گے ۔ پیپلز پارٹی نے ملک میں سیاسی استحکام ،امن اور جمہوریت کیلیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ،اگر حکومت وقت نے ان قربانیوں کا احترام نہ کیا تو پھر اسے اپنے انجام کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔پارٹی رہنماں نے کہاکہ کل بابر سہیل بٹ کے قتل کے خلاف پورے پنجاب میں مظاہرے کیے جائیں گے اور پیپلز پارٹی اس وقت تک احتجاج کرتی رہے گی جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا ۔