وزیر اعظم کا سعد رفیق کی تجویز پر سندھ میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط او رمتحرک بنانے کے عمل کا آغاز ، ناراض مسلم لیگیوں کو منانے کا ٹاسک بھی وزیر ر یلوے کے سپرد ،ناراض لیگی رہنمائوں سے رابطے کر کے و زیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے

نوازشریف آئندہ ہفتے سندھ کا دوبارہ دورہ ، پارٹی کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب ،ترقیاتی پیکج کے اعلانات کرینگے

منگل 14 مارچ 2017 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء)وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی تجویز پر سندھ میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط او رمتحرک بنانے کا عمل شروع کر دیاہے اور ناراض مسلم لیگیوں کو منانے کا ٹاسک بھی خواجہ سعد رفیق کو ہی دیدیا گیا ہے جو ناراض لیگی رہنمائوں سے رابطے کر کے و زیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

و زیر اعظم آئندہ ہفتے دوبارہ سندھ کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں کے بڑے اجتماعات سے خطاب کے علاوہ ترقیاتی پیکج کے اعلانات بھی کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے چند روز قبل وزیر اعظم نواز شریف کو تجویز دی تھی کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔ کراچی آپریشن کے بعد امن کا قیام وفاقی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے تاہم اس کا کریڈٹ لینے کیلئے مسلم لیگ(ن) نے کوئی جامع حکمت عملی نہیں بنائی اور نہ ہی سندھ میں مسلم لیگ کو مضبوط بنانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں جس پر وزیر اعظم نے خواجہ سعد رفیق کو خصوصی ٹاسک دیا اور انہوں نے مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنمائوں کی مشاورت سے وزیر اعظم کے سندھ کے دورو ں کا شیڈول طے کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو کراچی میں مسلم لیگی رہنمائوں ‘ تاجروں اور ہندو برادری سے ملاقاتوں میں وزیر اعظم نے لیاری کیلئے ترقیاتی پیکج دیا ‘ ہندو برادری کیلئے 50 کروڑ کا اعلان کیا جبکہ اس سے قبل وہ ٹھٹھہ میں شیرازی برادران کی دعوت پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کے دوران 110 ارب کے پیکج کا اعلان کر چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے وزیر اعظم کے دورہ کو کامیاب بنانے کیلئے سعد رفیق کے معاون کا کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم آئندہ ہفتے دوبارہ سندھ کا دورہ کریں گے اور سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ(ن) میں اہم رہنمائوں کی شمولیت کے حوالے سے کام جاری ہے اور اس میں ایم کیو ایم کے بھی بعض ناراض رہنمائوں کے گورنر سندھ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) سے رابطے ہوئے ہیں ا ور کراچی میں امن کے قیام کے حوالے سے وزیر اعظم کے اقدامات کے حوالے سے نہ صرف عوام بلکہ تاجر برادری اور سیاسی حلقے مطمئن ہیں اور وزیر اعظم اگر سیاسی حلقوں کے مطابق کراچی پر توجہ دیں تو آئندہ انتخابات میں کراچی سے بھی مسلم لیگ (ن) نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔