کراچی‘ میں ٹارگٹڈ آپریشن مقابلے 5ملزمان مارے گئے

سرچ آپریشن کر کے نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کرنیوالے 5ملزمان گرفتار

بدھ 15 مارچ 2017 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات مارچ ء) شہر کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں کے ٹارگیٹڈ آپریشن 10مشتبہ افراد زیر حراست تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں ، مقابلے میں 2منشیات فروش اور 3مبینہ ڈکیت مارے گئے ،8ملزمان گرفتار۔ اسلحہ ،گٹکا، مسروقہ سامان اور موٹرسائیکل برآمد۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں لیاری پرانا ناکہ ، موسی لین ، چیل چوک، لیمارکیٹ، گارڈن ، دھوبی گھاٹ ، پرانا گولیمار ،پاک کالونی علی بھائی اسکول کے اطراف سمیت دیگر علاقوں میں حساس اداروں کے اہلکاروں نے ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا اور آپریشن کے دوران 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے اور مزکورہ مشتبہ افراد جرائم پیشہ افراد معلوم ہوتے ہیں۔ ادھر تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر 16/A عظیم شاہ کے مزار کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ہندو ڈکیت مارا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے پر پولیس سے مقابلے کے دوران دو منشیات فروش مارے گئے ،ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشات برآمد کی گئی ہے۔ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ایس ایس پی ملیرراؤ انور کی ہدایت پر گل گوٹھ میں قائم بدنام زمانہ منشیات فروش دادان کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ جہاں موجود مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ، تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی موقع کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی نعشوں کو تحویل میں لینے کے بعد کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیاگیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جاسکی ہے ، ہلاک ،ہونیوالے ملزمان منشیات فروشی اور لوٹ مار کی متعددوارداتوں میں ملوث تھے ، ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضے سے چار موبائل فون ،ایک مسروقہ موٹر سائیکل ایک نائن ایم ایم پستول ایک تیس بور پستول اور بھاری مقدار میںمنشیات برآمد کی گئی ہے ،پولیس نے ہلاک ہونیوالے ملزمان کی لاشوں کوکارروائی کے بعد شناخت کیلئے سرد خانے منتقل کردیا۔

ادھر شاہ لطیف تھانے کی کارروائی کے دوران مبینہ ڈکیت منٹھار اور یونس مارے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان پولیس کو کو کئی ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ شیر شاہ میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوںکو بند کردیا گیا۔آپریشن کے دوران نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کرنیوالے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمان میں 4کرائے دار اور ایک مالک مکان شامل ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر نیشنل ایکشن پلان ایڈیشنل ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ دوسری جانب موچکو کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حب سے کراچی منتقل کئے جانے والے گٹکے کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ منی ٹرک ڈرائیور سمیت 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر اقبال مارکیٹ پولیس کی کارروائی کے دوران 2اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ او ر مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

گلبہار پولیس نے 2مختلف کارروائیوں کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ایک ڈکیت اور نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کرنے والے مالک مکان اور کرائے دار شامل ہیں۔ جیکسن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ڈکیت محمد علی اور عمیر خان کو گرفتارکرکے اسلحہ ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔