ڈائریکٹر جنرل اسپیشل سیکورٹی ڈویژن میجر جنرل عابد رفیق کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات

منصوبہ بندی کو پاک چین راہداری منصوبے میں شامل منصوبوں پر سیکورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا وفاقی وزیر احسن اقبال کا اقتصادی راہداری منصوبوں پر موجود سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

پیر 20 مارچ 2017 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)ڈائریکٹر جنرل اسپیشل سیکورٹی ڈویژن میجر جنرل عابد رفیق نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ میجر جنرل عابد رفیق نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو پاک چین راہداری منصوبے میں شامل منصوبوں پر سیکورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران اقتصادی راہداری میں شامل کئے جانے والے نئے منصوبوں اور مستقبل میں سکیورٹی کی ضروریات پر بھی بات چیت کی گئی۔ احسن اقبال نے اقتصادی راہداری منصوبوں پر موجود سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ سول اور فوجی اداروں کے درمیان کوششوں کا مربوط ہونا اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے ایس ایس ڈی کا کردار نہایت اہم ہے ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی کے تجربے اور مہارت سے نہ صرف پاک چین اقتصادی راہداری پر مامور چینی اہل کاروں اور کمپنیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائیگا بلکہ اس سے راہداری پر تعینات کئے گئے دیگر اداروں کو بھی اپنی صلاحیت بہتر کرنے کے مواقع میسر آئینگے۔ اس موقع پر ایس ایس ڈی کے ڈائریکٹر جنرل عابد رفیق نے کہاکہ ایس ایس ڈی اقتصادی راہداری کی کامیابی کیلئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سطح پر مربوط سیکورٹی اقدامات اور معلومات کا بروقت تبادلہ یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :