یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ ، چین اورسعودی عرب کے دستوں کی شرکت

پاک فوج کے جوانوں کے پوری قوت سے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعر ے ، سبز ہلالی پرچم فضا میں لہرا دیئے گئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہر ہ کیا گیا ، پاک فوج کے بہادر ، جری ، غیور جوان توجہ کامرکز بن گئے صدر ، وزیر اعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، آرمی چیف اور اعلیٰ عسکری قیادت کاجوانوں کو خراج تحسین یوم پاکستان پریڈ میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، کشمیریوں کے ساتھ زبردست یکجہتی کا مظاہرہ ، اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ، ترک بینڈ کی مرحبا اور جیوے جیوے پاکستان کی خوبصورت دھنیں فضائی پاسٹ کے دل ہلا دینے والے مظاہرے نے پریڈ میں شریک اعلیٰ ترین قیادت اور مہمانان کے دل جیت لئے جے ایف17 تھنڈر ، ایف16 طیار وں کی ہوا کے دوش اڑانیں ، پریڈ ایونیو زور دار تالیوں سے گونج اٹھا ، شیر دل فارمیشن کے طیاروں کا دلکش مظاہرہ ،چھاتہ بردار جوانوں کا زمین پر اترنے کا انتہائی حیران کن مظاہرہ

جمعرات 23 مارچ 2017 13:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء) اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر شکرپڑیاں میں پریڈ ایونیو پر تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں جھپٹنا پلٹنا پلٹ کرجھپٹنا ، لہو گرم رکھنے کا ہے ایک بہانہ کا عملی مظاہرہ پیش کر دیا گیا، پاک فوج کے جوانوں نے پوری قوت سے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ، ، سبز ہلالی پرچم فضاء میں بھی لہرا دیئے گئے ،پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہر ہ کیا گیا ، پاک فوج کے بہادر ، جری ، غیور جوان توجہ کامرکز بن گئے ، صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، چیف آف آرمی سٹاف اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت نے بھرپور انداز میں جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ، یوم پاکستان پریڈ میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، کشمیریوں کے ساتھ زبردست یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا اور ان کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، ترک بینڈ نے مرحبا اور جیوے جیوے پاکستان کی خوبصورت دھنیں بجائیں ۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان پریڈ مقرر ہ وقت 8:30 بجے شروع ہو گئی ، پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے ایف 16طیارے سے یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر پاکستان کو سلامی دی ، پہلی بار چین اور سعودی عرب کے فوجی دستے پاکستان کی اس شاندار پریڈ میں شریک ہوئے ، ترکی کے قدیم ترین مہتر بینڈ نے بھی شرکاء کے دل جیت لئے ، صدر پاکستان روایتی طورپر صدارتی بھگی میں تقریب کیلئے پریڈ ایونیو آئے ، وزیر اعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت نے ان کا استقبال کیا ، سب سے پہلے پاک فوج کے پرچم بردار دستے نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی ، سلامی پیش کرنے والے تینوں مسلح افواج کے دستوں میں رینجرز ، اسلام آباد پولیس ، بوائز سکائوٹس ، گرلز گائیڈ اور ایف سی کے دستے بھی شامل تھے اور پاکستان کے دفاع کے جدید ترین میزائل، طیارہ شکن توپیں ، ٹینک ، ایٹمی اثاثوں کا دفاعی سسٹم ، بغیر پائلٹ کے اڑنے والے جدید ترین ڈرونز اور براق سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے ، پریڈ ایونیو میں آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، فاٹا سمیت چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ بکھر گئے ، ترک بینڈ نے خوبصورت دھنوں کے سر بکھیر دیئے ،رینجرز کے صحرائی جہازوں پر مشتمل کیمل بینڈ دستہ نے بھی صدر پاکستان کو سلام پیش کیا ، جدید ترین دفاعی ہتھیاروں کے بعدثقافتی فلوٹ سلامی کے چبوترے سے گزرے ، سب سے پہلے آزاد کشمیر کی ثقافت کا فلوٹ سلامی کے چبوترے سے گزرا ،بعد ازاں بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، پنجاب اور سندھ کے فلوٹ گزرے ، خیبر پختونخوا کے فلوٹ پر خٹک ڈانس پیش کیا گیا ، بلوچ ثقافت کے رنگ بکھرے ، خنجراب پاس ، کے ٹو کے مناظر کے فلوٹ بھی شامل تھے ، پنجاب کا فلوٹ ڈھول کی تھاپ پر سلامی کے چبوترے سے گزرا اور پنجاب کے جوانوں نے بھرپور انداز میں بھنگڑے ڈالے،فضائی پاسٹ کے دل ہلا دینے والے مظاہرے نے پریڈ میں شریک اعلیٰ ترین قیادت اور مہمانان کے دل جیت لئے ، پاک ایوی ایشن کے چھ طیارے ہمرقاب فضا میں نمودار ہوئے اور قوس قزح افق پر بکھیر دی ، جے ایف17 تھنڈر ، ایف16 طیار وں نے ہوا کے دوش پر اڑانیں بھریں تو پریڈ ایونیو زور دار تالیوں سے گونج اٹھا ، شیر دل فارمیشن کے طیاروں نے انتہائی دلکش مظاہرہ پیش کیا اور فضاء سے اپنی وفائوں کے نعرے سنائے ، چھاتہ بردار جوانوں نے زمین پر اترنے کا انتہائی حیران کن مظاہرہ پیش کیا ، ترک بینڈ نے مرحبا کا نعرہ لگایا جس پر ترک بینڈ کو دل کھول کر داد دی گئی ، یہ بینڈ دنیا کا قدیم ترین بینڈ ہے جس کی بنیاد 1299 میں رکھی گئی ۔

پاکستان دشمنوں کے لئے خطرے کی علامت جدید ترین میزائل سسٹم غوری ، بابر ، کرو ز میزائل ، شاہین تھری ، رعد میزائلوں کا علامتی طورپر نمائش کی گئی ، سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے دفاعی ہتھیاروں ہما ، عقاب ، جاسوس طیاروں کی بھی نمائش کی گئی اور وارہیڈ لے جانیوالا میزائل سسٹم بھی سلامی کے چبوترے سے گزرا ،پاکستان کے جدید ترین ٹینکوں کی گنوں کو چبوترے کے سامنے پھیرتے ہوئے سلامی پیش کی گئی ، صدر پاکستان کا 45گھڑ سوارکا دستہ بھی روایتی طورپر سلامی کے چبوترے سے گزرا ، پیپلز لبریشن آرمی چین اور سعودی عرب کے فوجی دستے سلامی کے چبوترے سے گزرے تو انہیں زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ، ایف 16طیاروں نے بھی دل ہلا دینے والے مظاہرے کئے ، قو س قزح فضا میں بکھیر دیے اورسلامی کے چبوترے سے انتہائی قریب گزرتے ہوئے شرکاء تقریب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ، دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے بعد قومی نغمہ پیش کیا گیا اور سکولوں کے بچوں نے پرجوش انداز میں قومی یکجہتی کامظاہرہ کیا ، بچوں نے راحت فتح علی خان کے ساتھ ملی نغمہ پیش کیا ، صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیف آف آرمی سٹاک جنرل قمر جاوید باجوہ نے بچوں کو داد دی اور ان میں گھل مل گئے ، صدر پاکستان کو قومی یکجہتی کے اظہار پر پریڈ کمانڈر نے تقریب کے آخر میں پاکستانی پرچم پیش کیا ۔