سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین تقریباً19ماہ بعد رہاکردیاگیا

ثابت کریں گے ڈاکٹر عاصم کیخلاف ریفرنس جعلی ہے، چودھری نثار ای سی ایل کا مسئلہ حل کریں، ورنہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائینگے،وکیل ڈاکٹرعاصم کی میڈیا سے گفتگو 19 ماہ تک تخت رائیونڈ کے قیدی رہنے والے ڈاکٹر عاصم نے بہادری سے دوران قید ذہنی و جسمانی صعوبتیں برداشت کیں ،جھوٹے مقدمات بھی انہیں نہ توڑ سکے، بلاول بھٹوزرداری

جمعہ 31 مارچ 2017 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)کرپشن کیس میں درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد جمعہ کو سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین تقریباً19ماہ بعد رہاکردیاگیاہے، رہائی کے بعد ڈاکٹرعاصم ضاء الدین اسپتال کلفٹن پہنچ گئے۔بلاول بھٹوزرداری نے ڈاکٹرعاصم کو رہائی پر مبارک باد دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے 479 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق دو کیسز میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے اور پاسپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز ڈاکٹر عاصم کے وکلا نے اپنے موکل کی رہائی کے لیے قانونی دستاویز جمع کرائے تھے لیکن عدالت کے ناظر نے پاسپورٹ جمع نہ کرانے پر ڈاکٹر عاصم کے روبکار جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے پاس بھیج دیا گیا تھا۔جمعے کی صبح ڈاکٹر عاصم کے وکلا نے دوبارہ ضمانتی کاغذات جمع کرائے، اس مرتبہ ان دستاویزات میں ڈاکٹر عاصم کے پاسپورٹس بھی شامل تھے، قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کے ریلیز آرڈر جاری کردیے اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کی رہائی عمل میں آئی۔

وکلا ء آرڈر لے کر جناح ہسپتال گئے جہاں زیرعلاج ڈاکٹر عاصم کو رہا کیا گیا۔رہائی کا پروانہ ملتے ہی ڈاکٹر عاصم حسین ہاتھ ہلاتے ہوئے جناح ہسپتال سے باہر آئے جہاں سے وہ بکتربندگاڑی کے ذریعے ضیا الدین اسپتال کلفٹن پہنچ گئے،جہاں ڈاکٹرزکی ٹیم نے ان کا چیک اپ کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعاصم صحت یابی تک ضیاء الدین اسپتال میں ہی رہیں گے۔

رہائی کے موقع پرڈاکٹر عاصم کے وکیل انوار منصورنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ثابت کریں گے کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنس جعلی ہے۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار سے درخواست ہے کہ ای سی ایل کا مسئلہ حل کردیں، مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔اس ضمن میں پیرکو سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے ۔اس سے پہلے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست منظور کی،اے ٹی سی کورٹ نے انہیں دونوں پاسپورٹ واپس کرنے کے احکامات دئیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے دونوں پاسپورٹ دہشت گردوں کے علاج کی فراہمی کے کیس میں جمع تھے۔ڈاکٹرعاصم کی رہائی پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 19 ماہ تک تخت رائیونڈ کے قیدی رہنے والے ڈاکٹر عاصم نے بہادری سے دوران قید ذہنی و جسمانی صعوبتیں برداشت کیں اور جھوٹے مقدمات بھی ڈاکٹر عاصم حسین کو توڑ نہ سکے۔ انہوں نے کمزور صحت کے ساتھ مشکل حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا۔

متعلقہ عنوان :