وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ،لودھراں ، خانیوال سڑک و دیگر منصوبوں کے امور کا جائزہ

لودھراں سے خانیوال تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے،منصوبے کے تحت نیازی چوک خانیوال پرانٹرچینج جبکہ میتلا چوک پرفلائی اوور بنے گا اور اس منصوبے پر کام اعلی معیار کا ہو گا،جدید انفراسٹرکچر معاشی سرگرمیاں بڑھانے کا ذریعہ بنتا ہے ، صوبے بھر میں سڑکوں ، فلائی اوورز ، انڈرپاسزاور پلوں کا جال بچھا دیا ہے،شہباز شریف

پیر 3 اپریل 2017 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لودھراں ، خانیوال دو رویہ سڑک اور جی ٹی روڈ ایکسپریس وے شاہدرہ تا کالا شاہ کاکوکے منصوبوں کے امور کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں سے خانیوال تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے،اربوں روپے کی لاگت سے اس بڑے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے ،منصوبے کے تحت نیازی چوک خانیوال پرانٹرچینج جبکہ میتلا چوک پرفلائی اوور بنے گا اور اس منصوبے پر کام اعلی معیار کا ہو گا ، یہ منصوبہ بھی شفافیت اور تیز رفتاری سے تکمیل کا شاہکار ہو گا-انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر معاشی سرگرمیوں اور کاروباری مواقع بڑھانے کا ذریعہ بنتا ہے - پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سڑکوں ، فلائی اوورز ، انڈرپاسزاور پلوں کا جال بچھا دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ، رفتار اور معیار پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے - لودھراں ،خانیوال دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہو گی- وزیر اعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے مقامی انتظامیہ پوری سپورٹ فراہم کرے اورزمین کے حصول یا دیگر امور میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے -انہوںنے کہا کہ راوی پل سے کالا شاہ کاکو تک6 کلو میٹر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بنایا جائے گا -ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پر میٹروبس بھی چلے گی- میٹرو بس کے 5سٹیشن بنائے جائیں گے - ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور علاقے کے عوام کو ٹریفک جام کے مسائل سے نجات ملے گی-انہوں نے کہا کہ شاہدرہ چوک میں انٹر چینج بنے گا ، یہاں انڈرپاسز بھی بنائے جائیں گی- انہوںنے کہا کہ دیگر منصوبوں کی طرح ان منصوبوں کو بھی دیدہ زیب بنانے کے لئے ہارٹیکلچر کا بہترین پلان بنایا جائے اوردریائے راوی پر بنائے گئے نئے پل کی توسیع کا بھی جائزہ لیا جائی- اس منصوبے کو اسی سال مکمل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائی-سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے دونوں منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی-وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، شاہد خاقان عباسی ، صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ملتان ،لودھراں، خانیوال اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-