افغانستان سے تعلقات کی بہتری میں بڑی رکاوٹ بھارت ہے ،ْوزیر دفاع

جمعہ 7 اپریل 2017 15:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے تعلقات کی بہتری میں بڑی رکاوٹ بھارت ہے ،ْکراس بارڈر دہشتگردی کا مسئلہ پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے ،ْجنرل(ر) راحیل شریف کو سعودی فوجی اتحاد کی سربراہی کیلئے ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا ،ْ رسمی کاروائی ابھی باقی ہے۔

نجی ٹی و ی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب نے جنرل (ر)راحیل شریف کی خدمات کے لیے درخواست کی تھی ، جس پر ہم نے رضا مندی ظاہر کی ، ہم راحیل شریف کو بھیجنے کیلئے تیار ہیں ، راحیل شریف کب جائیں گے یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ،ْسعودی فوجی اتحاد کی سربراہی کے لیے ابھی تک حکومت نے این او سی جاری نہیں کیا ، تاہم انہیں این او سی دینے کا اصولی فیصلہ ہی کیا گیا ہے ، رسمی کاروائی ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان کا اندرونی مسئلہ ایسا ہے کہ وہاں 16سال سے بیٹھے 16ممالک بھی حل نہیں کر سکے ، پاکستان نے اپنے ہر علاقے میں کنٹرول کر لیا ہے مگر افغانستان میں ایسی صورتحال نہیں ہے، پاک فوج کے جوان ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں وہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہے ، ہمارے سیکیورٹی اداروں میں انٹیلی جنس شیئرنگ ہو رہی ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی دورائے نہیں ہے ،ْ پاکستان کی فوج ہر محاذ پر قربانی دے رہی ہے ، افواج پاکستان مردم شماری میں بھی مدد کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردوں اور اس کی سوچ کو ختم کرنا ہے، دہشتگردوں کی سوچ ایک ہے، چاہے نام جو مرضی رکھ لیں ، پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے ،ہم نے دہشتگردی کے خلاف 2لاکھ اہلکار مقرر کر رکھے ہیں، اتنے کسی ملک نے مقرر نہیں کیے ، ہم نے پچھلے دو ڈھائی سال میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ، دہشتگردی کے خلاف پاکستان اور دنیا کی کوششوں میں کوئی مقابلہ نہیں ،ْ سویلین قیادت کو فوج کا مورال بڑھانے کے لیے جنگی محاذوں کا دورہ کرنا چاہیے ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکی ثالثی کی کوشش پرانی ہے ، ہم نے کلنٹن سے بھی کہا اور صدر اوبامہ سے بھی کہا کہ وہ ثالثی کیلئے کردار ادا کریں مگر بھارت اس سے انکاری ہے ، بھارت یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ جتنا عالمی سطح پر اجاگر ہو گا اتنا ہی اسے نقصان ہو گا، وہ ثالثی قبول نہیں کررہا جبکہ یہ مسئلہ ہماری خارجہ پارلیسی کیلئے بڑی بنیادی حیثیت رکھتا ہے ، جب تک کشمیرکا مسئلہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی پاکستان کیلئے سود مند ہے ، بھارت مسئلہ کشمیر کی وجہ سے مذاکرات نہیں چاہتا مگر ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ کشمیریوں کو پس پشت ڈال کر حالات معمول کے مطابق بنا لیں ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بہتر کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے ۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ نیوز لیکس کی تحقیقات سے متعلق علم نہیں ہے ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی میرے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کے بجائے سپریم کورٹ جائے ، آصف زرداری میں کسی کو قائل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ، پیپلزپارٹی کی قیادت میں بہت سی خامیاں آگئی ہیں ، آصف زرداری کو یہاں کے زمینی حالات کا علم نہیں ہے کیونکہ وہ بہت دیر بعد پاکستان آئے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیکرٹری پانی وبجلی کا تبادلہ پہلے سے طے تھا ،چند روز سے لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق ہورہی ہے ، بجلی کا شارٹ فال اپریل کے آخر تک رہے گا، 2018کے آغاز میں 8500میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی ، پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں بڑے پراجیکٹس کے بجائے رینٹل پاور پلانٹ شروع کئے ۔