مقبوضہ کشمیر ،بھارتی قابض فوج کی فائرنگ سے 8نوجوان شہید ،متعدد زخمی ،حریت رہنمائوں اورپاکستا ن کی شدید مذمت

بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے، پاکستان حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی تحریک کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ، اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ وادی میں قتل عام روکے، کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے،ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 9 اپریل 2017 22:20

سرینگر/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اپریل ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 8 کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے،حریت رہنمائوں نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے جبکہ پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کو فوری رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارت کے ڈھونگ ضمنی انتخاب کے دوران مظاہرہ کرنے والوں پر بھارتی قابض فوج نے فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 8کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے بڈگام ضلع کے چرارشریف علاقے میں مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 8نوجوان شہید ہوگئے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے نوجوان محمد عباس نثار احمد میر، شبیر احمد بٹ،عادل واسع اور فیضان ڈار ہیں۔

اس کے علاوہ مظاہرین کو روکنے کے لیے بھارتی فوج کی جانب سے چھرے والی بندوق کا بھی استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں خواتین سمیت متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔بڈگام میں کئی مقامات پر مشتعل نوجوانوں نے پولنگ مراکز اور پولنگ عملہ کی گاڑیوں پر پتھرائو کیا۔ کئی مقامات پر سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے ۔حالیہ ہفتوں کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کے واقعات میں نوجوانوں کی شہادتوں کے باعث لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے اور پولنگ مراکز میں خال خال ووٹرز ہی دیکھے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کو شہید کیے جانے کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔

برہان وانی کے بعد وادی میں احتجاج کے دوران 84 سے زائد افرادکو شہید کردیا گیا جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے عوام کے ہجوم پر شاٹ گن اور فائرنگ سے 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی پرمذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے تحریک کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کینسل کشی قابل مذمت ہے ۔ پاکستان حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی تحریک کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔ اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ وادی میں قتل عام روکے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے ۔