آپریشن رد الفساد :ڈی جی خان میں سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ ،5دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ،2دہشت گردگرفتار،80کلو بارودی مواد برآمد بھکر اور لودھراں میں سرچ آپریشن،34 افراد زیرحراست، تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل

پیر 10 اپریل 2017 11:28

ڈیرہ غازیخان،کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اپریل ۔2017ء)ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد اور دیگر آپریشنز کے تحت ڈی جی خان اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا،جھڑپ کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار شہید اورایک زخمی ہوگیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر2دہشت گردوں گرفتارکرلیا،80کلوگرام بارودی مواد تحویل میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان اور آس پاس کے علاقوں میں فوج اور رینجرز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5دہشت گرد ہلا ک ہوگئے جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک رینجرز کا جوان زخمی ہوگیا جس کو لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اتوار کی صبح 5بجے شروع کیا گیا اور مزید دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی اطلاعات ہیں ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے افراد سکیورٹی فورسز اور اہم قومی مقامات پر حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔پاک افغان سرحدی علاقیمیں 80کلو بارودی مواد سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی ،2دہشت گرد گرفتار،گاڑی کو قندھارمیں تیار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے تحت آپریشن رد الفساد کے تحت سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں آپریشن کر کے دہشت گردی کامنصوبہ ناکام بنادیا۔

سیکورٹی فورسزنے خفیہ معلومات کی بنیادپر چمن اورپاک افغان سرحدی علاقے میں آپریشن کیااور دہشت گردی میں استعمال ہونیوالا80کلوگرام بارودی مواد تحویل میں لے لیا ،بارودی موادگاڑی میں چھپایا گیا تھا۔دہشت گردوں کاگاڑی میں بارودی موادرکھ کرتخریب کاری کامنصوبہ تھا،آپریشن کے دوران2دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتاہے کہ گاڑی کو افغان شہرقندھارمیں تیار کیا گیا،خفیہ اطلاع کے مطابق گاڑی افغانستان سے پاکستان لائی گئی تھی ۔

ادھربھکر اورلودھراں میں کارروائی کے دوران34افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔بھکر میں حیدر آباد تھل اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور 27مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ادھر لودھراں میں صدر کے علاقے بستی راجہ پور میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 28سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور56افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔اس دوران7مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا،جن سے 3مشکوک موٹرسائیکلیں اور منشیات بھی برآمد ہوئی ،پکڑے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے ۔