سیاست کسی کی جاگیر نہیں ،اب اقتدارکی باری ترقی و خو شحالی کی ہوگی ‘حمزہ شہباز

بلاول پٹاری سے اپنے منصوبے باہر نکالیں،وہ خوردبین دکھائیںجس سے ترقی نظرسکے،الیکشن 2018میںہی ہونگے،دھرنے اور الزامات کی سیاست کرنے والے مسترد ہوچکے ہیں،شب خون مارنے کا دور گیا،تبدیلی جمہوریت سے آئیگی ‘چکوال میںمیڈیا سے گفتگو

پیر 10 اپریل 2017 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سیاست کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی اقتدار الزامات لگانے، لغوزبان استعمال کرنے اور دھرنوں سے ملتاہے ،ترقی جمہوریت اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی آتی ہے اور انشاء اللہ اب اقتدار کی باری کسی کی نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کی ہوگی ،بڑی بڑی باتیں اور دعوے کرنے کی بجائے بلاول اپنے منصوبے پٹاری سے باہر نکالیں اور وہ خورد بین بھی لوگوں کو دکھائیں جن سے ان کی ترقی نظر آسکتی ہے کیونکہ گراچی کی تعفن زدہ سڑکیں کچھ اور ہی منظر پیش کررہی ہیں ۔

حمزہ شہباز نے چکوال کی تحصیل تلہ گنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی اور دھرنوں کی سیاست کو عوام نے بری طرح مسترد کردیاہے انشاء اللہ الیکشن 2018میں ہی ہونگے اور عوام کارکردگی کی بنیاد پر آئیندہ کے مینڈیٹ کا فیصلہ کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پنجاب کے ہر ضلع اور شہر میں تیزی سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور انشاء للہ لوڈشیڈنگ کے جن کو قابوکرنے سے لیکر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ نے تک ہر وعدہ پورا کرینگے اور میاں محمدنوازشریف کی قیادت میںعوام کی عدالت میں سرخروہونگے۔

حمزہ شہباز نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اقتصادی راہداری ،بجلی کی پیداواراور تمام شعبوں میں ہونے والے ترقی سب کو نظر آرہی ہے جبکہ ہماری میٹروکو جنگلہ بس کہنے والوں کو اب اپنے صوبے میں اسی منصوبے کی یاد آگئی ہے ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ 14ارب سے میٹروبنانے کا دعوی ٰکرنے والے اب 57 ٓارب روپے سے بس چلارہے ہیں جس کا 2018میں شروع ہونے کا امکان بھی نظر نہیںآتا ۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ پہلی مرتبہ سیاسی و جماعتی بنیادوں پر پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل کردی گئی جسے ماضی میںآمر اپنی چھڑی کے طور پر استعمال کرتے تھے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروںکو مالی اور انتظامی لحاظ سے مزید مضبوط بنائیں گے کیونکہ یہ جمہوریت کی اصل نرسری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج پنجاب میں لاہور کے بعد راولپنڈی اور ملتان میں بھی کامیابی سے میٹرو چل رہی ہے اور انشاء اللہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ بھی کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ اقتدار پر شب خون مارنے کا دورگزر گیا اب تبدیلی ووٹ اور جمہوریت کے ذریعے ہی آئے گی اور چور دروازے سے حکومت کرنے کے خواب کبھی پورے نہیں ہونگے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ 2018میںابھی وقت ہے اورہم انشاء اللہ تمام عوامی توقعات پوری کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ وہ الیکشن جیتنے نہیں بلکہ لوگوں کے دل جیتنے کو کامیابی سمجھتے ہیں اور انشاء اللہ تلہ گنگ سے مسلم لیگ(ن)کے صوبائی امیدوار ملک شہر یار اعوان بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔اس موقع پر تلہ گنگ کی مختلف یونین کونسلوں کے منتخب نمائندون نے بھی حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔