سپیکر قومی اسمبلی کا سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ٹیلی فون پر رابطہ ، انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے اجلاس میں شر کت کی دعوت

ایاز صادق کا انتخابی اصلاحات کے مسودے کو حتمی شکل دے کرمنظوری کیلئے جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی خواہش کا اظہار

پیر 10 اپریل 2017 22:28

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے پیر کے روز سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں وسیع تر قومی مفاد کی خاطر انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے اجلاس میں متعلقہ افسران کے ہمراہ شر کت کرنے کے لیے کہا سیکرٹر ی الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کو اجلاسوں میں شر کت کی یقین دہانی کراتے ہوئے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کو تمام تر آئینی اور قانونی تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے تمام اراکین پارلیمنٹ قابل عزت و احترام ہیں تاہم الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اس کا احترام اور اس کے افسران کی عزت کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے اوراراکین پارلیمنٹ کی طر ف سے بلاجواز الزامات لگانے سے گریز کیا جائے ۔سپیکر نے کمیٹی کے اجلاسوںکا بائیکاٹ ختم کرنے اور متعلقہ افسران کے ہمراہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شر کت کرنے کی یقین دہانی کرانے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے مسودے کو حتمی شکل دے کرمنظوری کے لیے جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔