نیب کے ایگزیکٹوبورڈ نے بدعنوانی کے دوکیسزکے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری د یدی

مختلف کرپشن شکایات پرچار تحقیقات شروع کرنے کافیصلہ کیاگیا تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفارنزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرانے کابھی فیصلہ

بدھ 12 اپریل 2017 23:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء)قومی احتساب بیورو(نیب)کے ایگزیکٹوبورڈ نے بدعنوانی کے دوکیسزکے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری د یتے ہوئے مختلف کرپشن شکایات پرچار تحقیقات شروع کرنے کافیصلہ کیاہے،تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفارنزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرانے کابھی فیصلہ کیاگیا۔

بدھ کو نیب ایگزیکٹوبورڈ کااجلاس چیئرمین قمرزمان چودھری کی زیرصدارت ہوا نیب بورڈ نے دوکرپشن کیسزکے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دی پہلا ریفرنس یونیورسٹی آف پشاور کے سابق وائس چانسلر عظمت حیات خا ن اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائیگا اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے مہنگے داموں اراضی کی خریداری کاالزام ہے جس کے ذریعے قومی خزانے کوچھ کروڑ تئیس لاکھ اسی ہزارروپے کانقصان پہنچایا گیا دوسرا کرپشن ریفرنس بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمداشرف مگسی اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائے گا اس کیس میں ملزمان نے اختیارات کاغلط استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے اپنے رشتے داروں کو مختلف عہدوںپربھرتی کیا۔

(جاری ہے)

نیب بورڈ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسروں کی طرف سے پی سی ون اور پی سی ٹو کی منظوری کے بغیر دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کی مشینری خریدنے پرتحقیقات کی منظوری دی ہے۔نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر چارمختلف انکوائریوں کی منظوری دی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق ملازم عبدالعزیز اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزما ن نے دھوکہ دہی سے یونیورسٹی ٹائون ہائوسنگ سکیم میں پلاٹوں کے نام پر عوام سے پیسے اکٹھے کئے۔

علی خان، آصف علی گوہر اورعادل خان جوکھیو کیخلاف سٹیٹ بنک آف پاکستان کی شکایت پرانکوائری ہوگی بہائوالدین زکریایونیورسٹی کے ڈاکٹراسحاق فانی اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان پرمبینہ طورپر غیرقانونی بھرتیوں ،فنڈز میں خورد برد کے ذریعے قومی خزانے کوانیس کروڑ تیس لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کاالزام ہے ۔اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کیخلاف بھی ا نکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان نے کرپشن اوراختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کوبارہ کروڑ روپے سے زائد کانقصان پہنچایا۔

نیب بورڈ نے گلگت بلتستان کے محکمہ ایکسائزاینڈٹیکنیشن کے افسروں کیخلاف دوبارہ تحقیقات کی منظوری دی ہے اس کیس میں ملزمان پر غیرمعیاری اسلحہ وگولہ بارود محکمہ ایکسائز کو سپلائی کرنے کاانکشاف ہواہے ۔نیب بورڈ نے اسلام آباد نیو سٹی ہائوسنگ سکیم کے قاضی ظہیراحمد کی پلی بارگین کی درخواست مسترد کردی ہے اس کیس میں ملزم نے پلاٹوں کے نام پرانتیس کروڑسترلاکھ روپے سے زائد کی رقم عوام سے اکٹھی کی اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپورشن سے بیس کروڑ نوے لاکھ روپے سے زائد وصول کئے۔

نیب بورڈ نے آبلئی تانبے کی تلاش کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفارنزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرانے کافیصلہ کیا ہے تاکہ کیس میں حقائق کاتعین کیاجاسکے۔نیب بورڈ نے شواہد کی عدم دستیابی پر تین انکوائریاں اورایک تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی ہے زرعی ترقیاتی بنک کے سابق صدر منصورخان ،پنجاب ہائی ویزکے افسروں ،سابق ایگزیکٹوانجیئراپرجہلم گجرات کیخلاف انکوائری بند کی جائے گی جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسروں کیخلاف جاری کرپشن تحقیقات بھی بند کردی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمرزمان چودھری نے کہاکہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہوں نے نیب کے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ موصول ہونیوالی شکایات کی تصدیق کی انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :