ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری،مختلف علاقو ں میں سرچ آپریشن ، ایک دہشتگرد ہلاک ،17مشتبہ دہشتگردگرفتار،بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

پنجاب رینجرز اورپولیس نے حافظ آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کرکے اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمدکرلی ، تربت میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا،جنوبی وزیرستان اور اپردیر میں سرچ آپریشن میں بھارت کے بنے پلاسٹک ڈرمز، اسلحہ و گولہ بارود،بارودی سرنگیں،ہینڈ گرنیڈ،موبائل فون،آئی ای ڈیزبرآمد ،کوہلو،اشتراک ،مردان اوراسلام آباد سے مشتبہ دہشتگرد گرفتار،بھاری اسلحہ بھی تحویل میں لے لیاگیا ،آئی ایس پی آر

بدھ 12 اپریل 2017 23:02

راولپنڈی /اسلام آباد/مردا ن /کوہلو/حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2017ء) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری،سیکیورٹی فورسز نے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 17مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ بھارت کے بنے پلاسٹک ڈرمز اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیاجبکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد بھی مارا گیا۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آپریشن ردالفساد ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے،پنجاب رینجرز اورپولیس نے حافظ آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا ۔آپریشن حافظ آباد کے گائو ں پارمسو،پاربوندی اور پار لکھن میں کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمدکرلی گئی جبکہ اس دوران 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق تربت میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا،ایف سی بلوچستان نے خفیہ معلومات پراسلحہ وگولہ بارودکابڑا ذخیرہ قبضے میں لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسلحہ میں راکٹ،دیسی ساختہ سرنگیں،بارودی مواد،مواصلاتی آلات شامل ہیں جنھیں مند سے 8کلومیٹر شمالی مشرق میں واقع علاقے گوبارڈ میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے زیر زمین چھپایا گیا تھا۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان اور اپردیر میں انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کر کے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود،بارودی سرنگیں،ہینڈ گرنیڈ،موبائل فون،آئی ای ڈیز اور بھارت کے بنے ہوئے پلاسٹک ڈرمزبرآمد کرلئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ و گولا بارود اور دھماکہ خیز مواددہشتگردوں نے زیرزمین چھپا رکھا تھا۔

دریں اثناء ایف سی نے کوہلو کے علاقے کاہان میں کارروائیاں کرکے ایک دہشتگردکو ہلا ک کردیا جبکہ بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمدکرلیاگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان کی کاہان اوراشتراک میں کارروائی کے دوران فائرنگ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے 2 ایس ایم جیز اور وائرلیس سیٹ برآمد ہوا ہے ، جبکہ اشتراک کے علاقے میں ایک اور کارروائی میں کالعدم تنظیم کے خفیہ ٹھکانے سے مختلف ساخت کے ہزاروں رائونڈز برآمد ہوئے ہیں۔

ادھر سپیشل پولیس یونٹ نے مردان نوشہرہ روڈ پر کارروائی کے دوران دہشت گرد کو گرفتار کرکے بارودی مواد ‘ دستی بم اور پرائما کارڈ برآمد کرلیا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔ دریں اثناء قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سہالہ اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران خاتون سمیت چار مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوران آپریشن تین تیس بور ‘ نائن ایم ایم پستول‘ پانچ بارہ بور اور سیون ایم ایم برآمد کرلیا گیا۔