حج پالیسی2017ء ، نئی ہائوسنگ پالیسی ، گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم ،وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی

وزیر اعظم نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی،حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت قومی مفاد پر سمجھوتہ ہوگا نہ ہی پڑوسی ملک کی دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے، کلبھوشن تحقیقات سے دنیا کو آگاہ کرینگے ،مریم اورنگزیب سسٹم میں ایل این جی اور آر ایل این جی شامل کرلی گئی، ڈھائی سال سے صنعتوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر ہے، اسلام آبا د، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی دیکھ بھال اورانتظام نجی اداروں کو دیا جائیگا،کم آمدنی والے افراد کو ہائوسنگ سکیموں میںاولین ترجیح دینے کیلئے کمیٹی قائم کردی ،گیس کنکشن پر پابندی کے خاتمے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ، حج کوٹہ اخراجات میں مزید کمی کی جائے گی ، ادویات کی پیکنگ پر بار کوڈ کے نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے ، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت میں تحفظ دینے کی پالیسی بھی اجلاس میں پیش کی گئی،اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات کی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ

بدھ 12 اپریل 2017 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اپریل ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی2017ء ، نئی ہائوسنگ پالیسی ، گیس کنکشن پر عائد پابندی کو ہٹانے اور صحت کے بارکورڈ نظام سمیت ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری دیدی۔وزیر اطلاعات و نشریات اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، کلبھوشن معاملے پر کسی ملک کی طرف سے دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم درانی نے ہائوسنگ کی نئی پالیسی اور اقدامات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔بعد ازاں وزیراعظم نوازشریف نے وزارت ہائوسنگ کی نئی ہائوسنگ پالیسی کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر آدمی کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے ایسی حکمت عملی بنائی جائے کہ ہر شخص اپنا مکان حاصل کرسکے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شہری آباد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ملک بھر میں مکانات کی طلب پوری کر نے کے لئے فوری طور پر متعلقہ وزارت مئوثر اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے وزیر ہائوسنگ کی سربراہی میں ہائوسنگ کے امور سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی بھی قائم کردی جس میں منصوبہ بندی و ترقی ریلوے اور سیفران کے وزراء وزیراعظم کے سیکرٹری ، سیکرٹری خزانہ ،سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کے نمائندے کمیٹی کے رکن ہوں گے یہ کمیٹی 10روز میں اپنی رپورٹ تیار کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی جبکہ 2009ء میں گیس کے نئے کنکشن پر عائد پابندی بھی ختم کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے گیس کے نئے کنکشن سمیت گیس کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری بھی دیدی تاکہ صنعتی ، کمرشل ، نئی ہائوسنگ سکیموں اور کالونیز کے لئے گیس کنکشن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے گیس کنکشن پر عائد پابندی کمیٹی برائے توانائی کی تجویز پر ختم کی گئی اس کے علاوہ متعلقہ وزارت کی جانب سے حج پالیسی2017ء بھی پیش کی گئی جس میں پونے تین لاکھ روپے کے اضافے کی سمری کو وزیراعظم نوازشریف نے مسترد کرتے ہوئے گزشتہ سال جیسے اخراجات مقرر کر نے کا حکم دیا اور ساتھ میں ہدایت کی کہ پاکستان سمیت سعودی عرب میں بھی حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔

وزیراعظم وزیرمذہبی امور کی کارکردگی کی تعریف کی جبکہ وزیراعظم نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ جائزہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کر نے کی بھی ہدایت کی ۔وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی تجویز کردہ بار کورڈ قوانین کی بھی منظوری دیدی جس میں ادویات کے ایکسپائری سمیت دیگر مسائل کا سد باب ہو گا ۔اس کے علاوہ پاکستان اور عمان کے درمیان سونامی کی پیشگی اطلاع کے نظام میں تکنیکی تعاون ، پاکستان اور فرانس کے درمیان موسمیاتی شعبے میں تعاون ، کینیا اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے سمجھوتوں کے لئے مذاکرات ، سوئٹزرلینڈ کے ادارے اور این ڈی یو کے درمیان تحقیقات و تعاون پر مبنی سرگرمیوں ، جمہوریہ چیک کے ساتھ دفاعی صنعت اور لاجسٹک میں سمجھوتے کے مسودے پر مذاکرات ، کیوبا کے ساتھ سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزہ استثنیٰ کے لئے مذاکرات ، اردن کے ساتھ بھی سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزہ استثنیٰ کے لئے سمجھوتے ، بلغاریہ کے ساتھ سرکاری و سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزہ استثنٰی کے لئے مذاکرات کی بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی ۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کلبھوشن سے تحقیقات کے دوران کیا کیا ثبوت ملے ہیں انٹرنیشنل فورمز کو آگاہ کیا جائیگا ، ، قومی مفاد پر کوئی بھی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں کلبھوشن کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، جب بات قومی مفاد کی ہو تو کسی بھی ملک کی طرف سے کسی قسم کی دھمکی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سسٹم میں ایل این جی اور آر ایل این جی شامل کی گئی ہے۔ ڈھائی سال سے صنعتوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر ہے، اسلام آبا د، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی دیکھ بھال اورانتظام نجی اداروں کو دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ہائوسنگ سکیموں میں اولین ترجیح دینے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے ، آر ایل این جی کے ذریعے چھ سو ملین مکعب فٹ گیس مہیا کی جارہی ہے ،گیس کنکشن پر پابندی کے خاتمے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ، وزیراعظم کی ہدایت پر حج کوٹہ اخراجات میں مزید کمی کی جائے گی ، حاجیوں کی رہائش اور ٹراانسپورٹ کے نظام کو بھی بہتر کیا گیا ہے ، ادویات کی پیکنگ پر بار کوڈ کے نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ بار کوڈ سے جعلی اور زائد المعیاد ادویات کی روک تھام ممکن ہوسکے،پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سے متعلق تجویز کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے غریب اور کم آمدن والے افراد کو ہائوسنگ سکیموں میں ترجیح دی جائے گی ، تجارتی بنیادوں پرگیس کی فراہمی کے کنکشن پر وزیراعظم نے پابندی ختم کردی ہے ، آر ایل این جی کے ذریعے چھ سو ملین مکعب فٹ گیس نظام میں مہیا کی جارہی ہے ہائوسنگ سکیموں کیلئے گیس کنکشنوں پر عائد پابندی بھی ختم کی گئی ہے گیس کنکشن پر پابندی کے خاتمے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل دو ہزار پندرہ سے مکمل فعال ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے کابینہ اجلاس میں گزشتہ سال بہترین حج انتظامات کو بھی سراہا گیا ہے کوشش ہے کہ حج سکیموں میں زیادہ سے زیادہ کوٹہ حکومت کا ہو تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے حج پالیسی کے تحت ان لوگوں کو زیادہ ترجیح دی جائے گی جو اب تک حج نہیں کرسکے اور وزیراعظم نے بھی ہدایت کی ہے کہ حج اخراجات میں مزیدکمی کی جائے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پی آئی اے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ حج کرایوں میں حجاج کیلئے اضافہ نہ کیاجائے حاجیوں کیلئے رہائش اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی بہتر کیا گیا ہے چوبیس گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت کا نظام بھی حجاج کرام کو فراہم کیا جائے گا حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کے لئے جدید بسوں کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے وزیراعظم کی ہدایات پر ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے حاجیوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہوسکے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ادویات کی پیکنگ پر بار کوڈ کے نظام کو متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ بار کوڈ سے جعلی اور زائد المعیاد ادویات کی روک تھام ممکن ہوسکے بار کوڈ کے ذریعے جعلی اور زائد المعیاد ادویات کی روک تھام ممکن بنائی جائے گی بار کوڈ کو موبائل کے ذریعے سکین کرکے ادویات کی معلومات مل سکیں گی نئے نظام سے ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی ادویات کی بار کوڈنگ کے نظام پر جلد ہی عملدرآمد شروع ہوجائے گا ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت میں تحفظ دینے کی پالیسی بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی اس کے علاوہ سول ایوی ایشن ائرپورٹس کو آئوٹ سورس کی پالیسی کی تجویز دو ہزار پندرہ میں دی گئی تھی جس میں لاہور اور کراچی ائرپورٹ کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کے اکیس سمجھوتوں کی منظوری دی گئی ہے ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا،اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ گریڈ ایک سے پندرہ تک کے سرکاری ملازمین کی مستقلی کے وقت عمر کی بالائی حد میں رعایت فراہم کی جائے گی جبکہ گریڈ سولہ سے سترہ کے ملازمین کو ایف پی ایس کے ذریعے بھرتی کی جائے۔

عارضی ملازمین کی مستقلی کے وقت ان کے تجربے کے لحاظ سے نمبر دیئے جائینگے سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے ۔ ایک اور سوال پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کم آمدنی والے ملازمین اقساط پر گھر حاصل کرسکیں گے ۔ کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر فضل چوہدری کا کہنا تھا ک کلبھوشن کیخلاف فیصلہ پاکستان کے مروجہ قوانین کے تحت کیا گیا ہے پاکستان میں کوئی بھی جاسوسی کرے گا تو اس کے لئے ایسی ہی سزا تجویز کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :