آئی ایف سی پاکستان میں اپنے پروگرام کا حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا خواہاں ہے، نجی شعبہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے مواقع کا منتظر ہے

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ فلپ لی ہوئیرو کی سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد سے بات چیت

پیر 24 اپریل 2017 15:57

واشنگٹن/ اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ و چیف ایگزیکٹو آفیسر فلپ لی ہوئیرو نے کہا ہے کہ آئی ایف سی اپنے پروگرام کا حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران فلپ لی ہوئیرو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے آغاز اور آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایف سی کا تقریباً 8 سو ملین ڈالر حجم کا پروگرام ہے جو اسے ایک ارب ڈالر سے زائد تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف سی نجی شعبہ کے ساتھ کام کررہا ہے اور نجی شعبہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے مواقع کا منتظر ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آئی ایف سی کا پاکستان میں پروگرام کا حجم بڑھانے پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایف سی پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کے ذریعے تعاون کرسکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر خزانہ نے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ آئی ایف سی کو دعوت دی کہ وہ ملک کے بعض سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری میں حکومت پاکستان کی معاونت کرے۔