پاک فوج کا اعتماد سازی کیلئے ہاٹ لائن پر بھارتی فوج سے رابطہ

رابطے کا مقصد سول اور فوجی اہلکاروں کا تحفظ اور سیکیورٹی ہے تاکہ ان کو 'بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی جیسے واقعات سے بچا جاسکے، بھارتی فوج کو اپنے زمینی دستوں کو ایل او سی کے قریب مردم شماری ٹیم کی نقل و حرکت کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے کہا گیا ہے،آئی ایس پی آر

منگل 25 اپریل 2017 23:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)پاک فوج نے اعتماد سازی کیلئے بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا ہے جس کا مقصد لائن آف کنڑول (ایل او سی) کے قریب مردم شماری کیلئے سول اور فوجی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے دوران ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کو اپنے زمینی دستوں کو ایل او سی کے قریب مردم شماری ٹیم کی نقل و حرکت کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس رابطے کا مقصد سول اور فوجی اہلکاروں کا تحفظ اور سیکیورٹی ہے تاکہ ان کو 'بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی جیسے واقعات سے بچا جاسکے۔آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ مردم شماری ٹیم کے سول اور فوجی اہلکاروں نے منگل کے روز آرمی ہائو س کا دورہ بھی کیا تاکہ ضروری اعداو شمار حاصل کیے جاسکیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ ملک کے 87 اضلاع میں مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ 25 مئی 2017 تک مکمل کرلیا جائے گا۔خیال رہے کہ ملک کے 63 اضلاع میں 19 سال کے بعد 15 مارچ کو سب سے بڑی مردم شماری مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے 118000 ملازمین حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کی سیکیورٹی اور مدد کیلئے 175000 فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔