پنجاب کی طرز پرفاٹامیں بھی ای خدمت سنٹر کاقیام کیاجائیگا،ابتدائی طور پر ایک ماڈل طرز پر سنٹر قائم ہوگاجسے پھرپورے فاٹا تک بڑھایاجائیگا، جس سے عوام کو ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس، ڈومیسائل ،شناختی کارڈسمیت دیگر سہولیات ایک چھت تلے مہیا ہوںگی

پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹرز کیگورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال جھگڑا سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 27 اپریل 2017 22:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹرزنے کہا ہے کہ پنجاب کے طرز پرفاٹامیں بھی ای خدمت سنٹر کاقیام عمل میں لایاجارہاہے،ابتدائی طور پر ایک ماڈل طرز پر سنٹر قائم کیاجائیگا جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے فاٹا تک بڑھایاجائیگا، ای خدمت سنٹر عوام کو ہرقسم کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرے گی جس میں ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس، ڈومیسائل اور گاڑی کے ٹرانسفرکے کاغذات، شناختی کارڈ،برتھ اورڈیتھ سرٹیفیکیٹ سمیت نکاح نامہ اوردیگر سہولیات مہیاکی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار بروز جمعرات پنجاب کے وزیراعلی محمدشہباز شریف کی ہدایت پرپنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل سجادلطیف اورڈائریکٹر وسیم بھٹی نے گورنرہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال جھگڑا سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

آئی ٹی بورڈ پنجاب کے دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے اور گورنرکوE خدمت سنٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا کے عوام کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میںحکومت فاٹا کے عوام کو سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے مہیاکرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے اورای خدمت سنٹر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اس موقع پر گورنر نے پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے فاٹامیں ای خدمت سنٹر کے قیام کیلئے آئی ٹی بورڈ پنجاب کی خدمات پیش کیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے گورنر خیبرپختونخوا نے فاٹا میں ای خدمت مرکز کے قیام کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف سے ملاقات کی تھی۔