صوبے کی ترقی کے لیے تاریخی معاہدے کئے ہیں،پرویزخٹک

حکومت صنعتی انقلاب کے ذریعے صوے سے بے روزگاری ، توانائی اور اقتصادی بحران کا خاتمہ کرکے معاشی انقلاب برپا کرنے جاری ہے، سی پیک خیبرپختونخوا میں گیم چینجر ثابت ہوگا، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ 23 بلین ڈالرز کے معاہدوںپر دستخط ہوچکے ہیں ،ملائیشیاء کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں حلال فوڈ ، حلا ل میڈیسن ، حلال کاسمیٹکس کا بڑا انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کیا جارہا ہے جس کیلئے نوے ایکڑ اراضی فراہم کردی ہے، اگلے ہفتے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ اربوں ڈالر کے چار میگا منصوبوں پر معاہدہ ہوگاجن میں چھ سو میگا واٹ بجلی، آئل ریفاینری، سیمنٹ پلانٹ اور ہائوسنگ کے دو بڑے منصوبے شامل ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 30 اپریل 2017 20:30

�شاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مئی ء)وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے اتنے اہم معاہدے کئے ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔یہی وجہ ہے کہ مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہے۔ کارکن تحریک انصاف کا سرمایہ ہیں اور خیبرپختونخوا کے غیور کارکنوں نے ہمیشہ ہر ریلی ہر جلسے میں اپنی قوت کابھر پور مظاہرہ کیا جو نہ صر ف پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بلکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔

نوشہرہ میں 5 مئی کو نوشہرہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا عوام نے کرپشن اور کرپٹ مافیا کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میںصنعتی انقلاب کے ذریعے صوے سے بے روزگاری ، توانائی اور اقتصادی بحران کا خاتمہ کرکے معاشی انقلاب برپا کرنے جاری ہے سی پیک خیبرپختونخوا میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ 23 بلین ڈالرز کے معاہدوںپر دستخط ہوچکے ہیں جبکہ ملائیشیاء کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں حلال فوڈ ، حلا ل میڈیسن ، حلال کاسمیٹکس کا بڑا انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کیا جارہا ہے جس کے لیے نوے ایکڑ اراضی فراہم کردی ہے جبکہ اگلے ہفتے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ اربوں ڈالر کے چار میگا منصوبوں پر معاہدہ ہوگاجن میں چھ سو میگا واٹ بجلی، آئل ریفاینری، سیمنٹ پلانٹ اور ہائوسنگ کے دو بڑے منصوبے شامل ہیں۔

وہ نوشہرہ میں محکمہ تعلیم کے نعیم جان، محکمہ جنگلات کے دائود جان کی والدہ اور نوشہر ہ پریس کلب کے صدر مشتاق پراچہ کی خوشدامن کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق ضلع ناظم دائود خان خٹک، ڈسٹرکٹ بار نوشہر ہ کے سابق جنرل سیکرٹری اور ممتاز قانون دان حاجی محمد ریاض ایڈوکیٹ، اور سی پیک کے کوآرڈینٹر کمال الدین ، پی ٹی آئی کابل ریور کے صدر سجاد حسین پراچہ، سابق نائب ناظم حامد حسین پراچہ ،ضلع کونسلر حاجی نوشیر خان اور زاہد حیات بھی موجود تھے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے چین کے ساتھ.5 23 بلین ڈالر کے 82 منصوبوں ایم او یوزکردیئے جن میں دو ہزار میگا واٹ پن بجلی کے منصوبے، حطار انڈسٹریل اسٹیٹ اور رشکی انڈسٹریل اسٹیٹ میں چائنا کی سرمایہ کاری، فاسٹ ریلوے ٹریک جو پشاور ویلی، چارسدہ نوشہرہ مردان صوابی، درگئی کو منسلک کرے گا ، گلگت دیر چترال چکدرہ سی پیک متبادل ایکسپریس وے، ٹور ازم معدنیات، کلچر، ایجوکیشن، آئی ٹی سافٹ وئیر، چھ سو طلباء کو آئی ٹی کی اعلی تعلیم دلانے کے اہم منصوبے شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کچھ معاہدے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ہیں اور کچھ معاہدے بزنس ٹو بزنس ہیں۔ایبٹ آباد ہری پوری کوہاٹ بائی پاس کے علاوہ اپنے وسائل سے دیگر اہم پراجیکٹ بھی اس منصوبے کاحصہ ہیں۔ دیگر ممالک بھی کے پی کے میں سر مایہ کاری کرنے کے خواہ ہیں۔ حطار ، ڈی آئی خان اور رشکئی اکنامک زون میں کینڈین حکومت کے تعاون سے گیس سے 225,225 میگاواٹ بجلی کے ٹربائن لگائے جائیں گے ان سے پیدا ہونے والی بجلی متعلقہ زونز کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی ۔

نوشہرہ میں چین کے ساتھ کارپوریٹ فارمنگ کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاہم ہم نے چشمہ لفٹ سکیم میں سرمایہ کاری کی بھی پیش کش کی ہے ۔اس سکیم سے زرعی خود کفالت ہو گی وسیع اراضی سیراب ہو گی ہم دوسروں کو بھی گندم اور دیگر زرعی اجناس دے سکیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ رشکئی صنعتی بستی کیلئے چین نے 40 ہزار کنال اراضی مانگی ہے ایک ہزار دستیاب ہے ۔

ایک ہزار مزید اراضی کا انتظام کر رہے ہیں اور باقی وقت کے ساتھ ساتھ فراہم کردیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا صوبہ سمندر سے دور ہونے ، خام مواد نہ ہونے اور ٹیکنکل افراد کی عدم دستیابی کی وجہ سے صنعتوں کیلئے موزوں نہیں تھا مگر سی پیک کی وجہ سے یہ سرمایہ کاری کا دل بن چکا ہے ۔سی پیک کا مغربی روٹ 500 کلومیٹر مختصر اور مناسب ترین جو پورے خطے کو باہم مربوط کردے گا۔

سی پیک کی وجہ سے صوبے کے قدرتی وسائل بڑی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ اب دُنیا بھر سے سرمایہ کار یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ یہاں صنعتی ترقی ہو گی تو معیشت کو استحکام ملے گا۔ معیشت مضبوط ہو گی تو بیروزگار کا خاتمہ ہو گا۔ہم نے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد فراہم کر دی ہے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ ملائشیاء حلال فوڈ انڈسٹری لگا رہی جسکو 90 ایکڑ زمین فراہم کردی گئی ہے اسی طرح ہنگری اور دیگر ممالک بھی صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے رابطے کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حلال انڈسٹری سے صوبے میں انقلاب برپا ہوگا نہ صرف بیرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی ان پراڈکٹ کی ڈیمانڈ ہیں۔ ہم حقیقی معنوں میں اسلام کی خدمت کررہے ہیں انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن صرف زبانی کلامی باتیں کررہے ہیں ہم نے عمل سے ثابت کردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے تعلیمی اداروں میں قرآن پا ک ناظرہ اور باترجمہ قرآن پاک سکھانے کے لیے باقاعدہ قانون بنادیا ہے اورنئے تعلیمی سال سے اس پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔

سود کے خلاف جہاد شروع کردیا ہے۔ اور اب حلا ل فوڈ کی طرف اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب برپا ہوگا۔ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے ملیں گے اورصوبے کی تقدیر بدل جائے گی انھوں نے کہا کہ اب تک سیاست دانوں نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، تحریک انصاف نے اپنے چار سالہ دور میں کرپشن میں بڑی حدتک کمی کردی ہے۔

جبکہ اداروں کی بحالی اور نظام کی تبدیلی پر بڑی حدتک عمل ہوچکا ہے۔ آج استاد پولیس اور پٹواری پر کوئی بھی سیاست نہیں کرسکے گا۔ اس کے لیے باقاعدہ نظام وضع کردیا گیا۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کردی اور اساتذہ کی غیر حاضری کاخاتمہ کردیا۔ اسی طرح اسپتالوں میں ڈاکٹر پیر امیڈیکس سٹاف مشینری کا کام بڑی حدتک مکمل ہوگیا۔ اور تور غر سے لیکر ڈی آئی خان اور چترال تک ہسپتالوں کو عملہ ادویات اور مشینری فراہم کردی گئی ہے۔

خود مختیار بورڈ قائم کرکے اختیارات اداروں کومنتقل کردئیے ہیںتاکہ عوام اراکان اسمبلی وزراء اور وزیر اعلیٰ کے گھروں کے چکر نہ لگاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے عوام کا اعتماد بحال کیا۔ اور عوام تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کررہی ہے۔ اور 2018 کے انتخابات میں عوامی طاقت سے ایک بار پھر پی ٹی آئی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ عوام باشعور ہیں وہ مفاد پرست سیاست دانوں کے مکر وفریب میں نہیں آئیں گے اور تبدیلی کے تسلسل کو قائم رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پانچ مئی کو نوشہرہ میں ہونے والے جلسے کا خصوصی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ نوشہرہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔انہوںنے عوام سے کہاکہ وہ پہلے کی طرح نوشہرہ کے آئندہ کے جلسے میں بھی بھر پور شرکت یقینی بنائیں ۔ پاکستان تحریک انصاف پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور شفاف نظام کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے اس کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی ۔