تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو مزدور کسی اور جماعت میں نہیں جائیں گی,عمران خان

اسٹیل ملز کا ریفرنڈم جیتنے پر انصاف لیبر یونین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شوکت خانم ہسپتال میں غریب مریضوں کا 70فیصد تک مفت علاج کیا جاتا ہے۔ انشاء اللہ اس سال کراچی میں تیسرا شوکت خانم ہسپتال کھولیں گے، پی ٹی آئی لیبر ونگ کے زیر اہتمام یکم مئی یوم مزدور کے حوالے سے لیبر کنونشن سے خطاب

پیر 1 مئی 2017 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیل ملز کا ریفرنڈم جیتنے پر انصاف لیبر یونین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو مزدور کسی اور جماعت میں نہیں جائیں گے۔ تحریک انصاف ہمیشہ مزدور وں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی ہوئی ہے۔

جب تک مزدور اور کسانوں کی دیکھ بھال نہ ہو معاشرہ ترقی نہیں کرتا۔ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں مزدور دشمن پالیسیاں ہیں۔ غریب غریب تر ہو رہا ہے اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں کینسر کا مفت علاج نہیں ہوتا۔ شوکت خانم ہسپتال اسی لئے بنایا کہ غریب مریضوں کا علاج مفت ہو سکے۔ شوکت خانم ہسپتال میں غریب مریضوں کا 70فیصد تک مفت علاج کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ اس سال کراچی میں تیسرا شوکت خانم ہسپتال کھولیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی لیبر ونگ کے زیر اہتمام یکم مئی یوم مزدور کے حوالے سے دائود چورنگی لانڈھی میں لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین، اسد عمر، عمران اسماعیل، علی زیدی،عارف علوی، حلیم عادل شیخ،فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان ،گل نمروز خان، نعیم عادل شیخ، سربلند خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ انشاء اللہ تحریک انصاف کی لیبر یونین اپنا مقام بنائے گی اور ہر ادارے میں بہتری لائیں گے۔ اقتدار میں آ کر ہر ادارے کو بہتر بنائیں گے ۔ کسی بھی ادارے کی نجکاری کرنا درست نہیں ہے۔ جب مزدور با اختیار ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ اگر ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے تو کمزور طبقے کو آگے لانا ہوگا۔تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخواہ میں60فیصدلوگوں کو ہیلتھ کارڈجاری کر دیے ہیں جس سے 5لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جا سکے گا۔

پاکستان کے مزدوروں نے ہمیشہ پاکستا کے مستقبل کی جنگ لڑی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ مزدور ادارے تباہ کرنے والے لوگوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ہمارے ملک کی تباہی کی اصل وجہ یہ ہے کہ اس ملک کا وزیر اعظم ایک ایسا شخص ہے جو صادق اور امین نہیں ہے۔ جن پارٹیوں نے 6,6باریاں لی ہیں اور اقتدار میں رہے انہوں نے کبھی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام نہیں کیا ۔#