آرمی چیف کا آوران کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال اور عوام کی بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی

بلوچستان میں ترقیاتی کاموں میں تعاون جاری رکھیں گے، آرمی ، ایف سی اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی کوششوں سے سیکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ طبی سہولیات سے ڈیڑھ لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا ، آوران کے طلباء کو بورڈنگ ،لاجنگ سمیت مفت تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، بریفنگ

ہفتہ 6 مئی 2017 20:36

راولپنڈی / آوران (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی کاموں میں تعاون جاری رکھیں گے، آرمی ، ایف سی اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی کوششوں سے سیکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہفتہ کوآوران بلوچستان کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور آرمی اور ایف سی کی جانب سے جنوبی بلوچستان میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ۔ پاک فوج کے سربراہ کو بتایا گیا کہ طبی سہولیات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے دوران تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا ۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی اداروں کی جانب سے طبی سہولیات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں ڈی ایچ کیو ہسپتال آوران کی استعداد بڑھانے کیلئے سول انتظامیہ کیساتھ فعال پارٹنر شپ جیسے اقدامات شامل ہیں۔

آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آوران سے تعلق رکھنے والے طلباء کو بورڈنگ اور لاجنگ سہولیات سمیت آرمی اور ایف سی کی جانب سے مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایف سی بلوچستان کی جانب سے ایک نیا سکول بھی حال ہی میں قائم کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے فوج ، ایف سی اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی جانب سے کاوشوں کو سراہا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان میں ترقیاتی کاموں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی عمائدین اور معززین سے ملاقات کی جنہوں نے علاقہ میں ترقی اور سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز سے تعاون پر اہل علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر جنوبی کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔