آصف زرداری کے ساتھ اتحاد یا الائنس ناممکن ،سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کا فیصلہ قبول کرینگے ‘ تحریک انصاف

عمران خان کے ججزکے فیصلے کے بارے میں بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، اچھے تعلقات دونوں ملکوں کے حق میں ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 6 مئی 2017 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کی طرف سے افغانی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر زیادتی اور بین الملکی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس سے دوطرفہ کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے ،تحریک انصاف سپریم کورٹ اور جے ٹی آئی کافیصلہ قبول کر ے گی، آصف زرداری کے ساتھ اتحاد یاالائنس ناممکن ہے ، بعض اخبارات نے چیئرمین عمران خان کے ججزکے فیصلے کے بارے میں بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کا سیکرٹری اطلاعات مقررہونے کے بعد چیئرمین سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فواد چوہدری ، سید صمصام علی بخاری اورمیاں اسلم اقبال ،نعمان چٹھہ ، عائشہ چوہدری ، عظمی کاردار ، تبسم انوار ، مسرت چیمہ بھی ہمراہ تھیں۔شفقت محمود نے کہاکہ افغان فورسز کی طرف سے پاکستانی سرحد ی علاقے چمن میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، چمن میں ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، چمن میں افغانی فورسزکے حملے میںشہید ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، افغان حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے اور وہاں کے حالات میں بہتری آرہی ہے ، افغانستان کی طرف سے پاکستان پر حملے کی غلطی پر معذرت اچھی بات ہے اور آئندہ ایسے واقعات رونماء نہ ہوسکیں ، اچھے تعلقات دونوں ملکوں کے حق میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کبھی نہیں کہاکہ 5 ججز نے کہاکہ وزیراعظم جھوٹے ہیں، عمران خان نے قطری خط کو مسترد کرنے کے حوالے سے عوام کو پیغام دیا جسے منفی انداز میں پیش کیا گیا ۔ شفقت محمود نے حنیف عباسی کے وکلاء کی طرف سے اورسیزپاکستانیوں کے بارے میںبیانات کی شدیدالفاظ میںمذمت کی ہے جس میں حنیف عباسی کے وکلاء نے یہ کہاکہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اورسیز کے پاس دوسرے ملکوں کے پاسپورٹ اور شہریت ہے اس لئے ان پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا ، ان کے وکلاء کا یہ کہنا کے دوسری شہریت رکھنے والے محب وطن نہیں قابل مذمت ہے ،انہیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ نوازشریف کے دونوں بیٹے بھی بیرون ملک مقیم ہیں۔

شفقت محمود نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور سالانہ 20 ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیںجس سے ملک چل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کے لئے بدترین صورتحا ل ہے ، اس دفعہ پنجاب میں 20 ملین ٹن گندم پیدا ہوئی ہے ، پنجاب حکومت نے 12 ملین ٹن گندم خریدنے کا پروگرام بنایا ہے ، جبکہ8 ملین ٹن گندم کی خریداری کاکوئی بندوبست نہیں کیا جس کی وجہ سے کاشتکار رل گیا ہے اور کاشتکارآڑھتی 1300 سوکی بجائے 1100 روپے من کے حساب سے گندم بیچنے پر مجبور ہے ، نوازشریف کے بنک بیلنس کے ساتھ ان کے بزنس بڑھ رہے ہیں۔

شفقت محمود نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے یقین دلایا کہ تحریک انصاف اور میڈیا کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گاکیونکہ عمران خان کی 21 سالہ سیاسی جدوجہد میں عوام کی شراکت کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور ہم پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے تمام ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلیںگے۔