نواز شریف کی جانب سے اسامہ بن لادن سے پیسے لینے کا معاملہ

پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کور ٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا قانونی مشاورت مکمل کرلی گئیخ پی ٹی آئی نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے بھی تحریری درخواست جمع کروانے کا اعلان

پیر 8 مئی 2017 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)نواز شریف کی جانب سے اسامہ بن لادن سے پیسے لینے کا معاملہ ، پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کور ٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قانونی مشاورت مکمل کرلی گئی۔ پی ٹی آئی نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے بھی تحریری درخواست جمع کروانے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف اور انکی جماعت کی جانب سے اسامہ بن لادن سے رقوم کی وصولی کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جس کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیلئے قانونی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ نواز شریف پر بیرونی قوتوں سے رقوم لیکر جمہوریت کیخلاف سازش کا مقدمہ قائم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تحریک انصاف کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کرے گی ۔جس پر درخواست کی تیاری کا عمل شروع کر دیا گیاہے جبکہ قانونی ٹیم کو ضروری ہدایات دے دی گئیںہیں۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف نے اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے بھی تحریری درخواست جمع کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف ماضی میں جمہوریت کیخلاف متعدد ساز شوں کا فعال حصہ رہے ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ نواز شریف کی جانب سے آئی ایس آئی سے پیسوں کی وصولی پر اپنا فیصلہ صادر کرچکا ہے، جبکہ نواز شریف اسامہ بن لادن سے پیسے لیکر جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کی بھی معاونت کرتے رہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ نواز شریف کے بیرونی قوتوں سے خفیہ مراسم کا سراغ لگایا جائے۔ فواد چوہدری نے مزید کہاکہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ کرپشن کے علاوہ "گارڈفادر" کے ذرائع آمدن کیا ہیں۔ اسامہ بن لادن سے رقوم کی وصولی اور اصغر خان کیس کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے نفاذ پر جلد سپریم کورٹ جائیں گے۔( مہر علی خان)