جمشید دستی نے اپنے سیاسی حریفوں کے علاقے میں موچی کی دکان کھول لی

بنیادی طورپر مزدور پیشہ انسان ہوں ،ْ رکن قومی اسمبلی نہ رہا تو محنت مزدوری کر کے پیٹ پال لونگا

پیر 8 مئی 2017 19:56

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مئی ء)رکن قومی اسمبلی اور عوام راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے اپنے سیاسی حریفوں کے علاقے میں موچی کی دکان کھول لی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے سیاسی حریف حنا ربانی کھر کے آبائی علاقے سنانواں میں موچی کی دکان کھو لی ہے اور وہ سارا دن شہریوں کے جوتے پالش بھی کرتے ہیں اور ان کی سلائی بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنیادی طورپر ایک مزدور پیشہ انسان ہیں اگر رکن قومی اسمبلی نہ بھی رہے تو وہ محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ پال لیں گے۔رکن قومی اسمبلی نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر علاقے کا سردار یا وڈیرہ عوام کی خدمت کرے گا تو وہ اس کے خلاف الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ عوام کے ووٹوں سے ایوان میں جانے کے بعد یہ لوگ عوام کو منشیوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیتے ہے میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔