بھارتی سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کی درخواست مسترد کردی

منگل 10 اکتوبر 2017 21:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اکتوبر ء) بھارتی سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کی درخواست مسترد کردی۔بھارتی عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بنچ نے پاناما لیکس سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ پاناما لیکس میں ملوث بھارتی شہریوں کی آف شور کمپنیوں کی شفاف تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی بنائی جائے کیونکہ تاحال حکومت نے اس معاملے میں ایک مقدمہ بھی درج نہیں کیاحالانکہ 6 رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے کہا کہ پاناما لیکس بہت پیچیدہ اور غیرمعمولی معاملہ ہے ،ْ اس معاملے پر حکومت نے 4 اداروں پر مشتمل ملٹی ایجنسی گروپ (ایم اے جی) تشکیل دے دیا ہے جس میں ٹیکس بورڈ، سرکاری بینک اور انسداد کرپشن کی خفیہ ایجنسیوں کے افسر شامل ہیںلہذا مزید کوئی ایس آئی ٹی بنانے کی ضرورت نہیں۔سپریم کورٹ نے حکومت موقف کو درست قرار دیتے ہوئے درخواست مسترد کردی اور کہا کہ ٹیم پاناما لیکس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کا ایم اے جی عدالت میں پاناما لیکس کی 6 تحقیقاتی رپورٹس جمع کراچکا ہے۔