کھلے دودھ پر مکمل پابندی ،متبادل پاسچرائزیشن عمل لاگو کرنے کے لیے تیاریاں جاری

پنجاب فوڈاتھارٹی اوریونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسزکے زیر اہتمام پاسچرائز یشن پرمشاورتی اجلاس پاسچرائزیشن ہی واحد متبادل،پیک دودھ میںخرابی پکڑناآسان ہوتاہے، ڈاکٹر طلعت محمود پاشا

بدھ 6 دسمبر 2017 20:12

لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 دسمبر 2017ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کھلے دودھ پر مکمل پابندی عائد کرنے کے لیے پاسچرائزیشن قانون پاس کروانے کے بعداب پاسچرائزیشن عمل کو لاگ کرنے کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں پنجاب فوڈاتھارٹی اور یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈا ینیمل سائنسزکے زیر اہتمام پاسچرائزیشن کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلے دودھ پر پابندی کی تائید، پاسچرائزیشن عمل اپنانے اور اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرزنے اپنا اپناکردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔

مشاورتی اجلاس میں پاسچرائزیشن عمل کوہی کھلے دودھ کا واحد متبادل تسلیم کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی پاسچرائزیشن قانون کی مکمل تائید کی گئی اورآئندہ 5 سال کے اندر کھلے ،غیر معیاری دودھ پر مکمل پابندی لگا نے کی حمایت کی اور عوام کو حفظانِ صحت کے مطابق معیاری دودھ بہترین پیکنگ میں مہیا کرنے کے لیے اجتماعی کوشش کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل اوروائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈا ینیمل سائنسز پروفیسرڈاکٹر طلعت محمود پاشا،ملک انڈسٹری بشمول نیسلے، اینگرو، حلیب، ملک پیک ، فارمر ایسوسی ایشنز، پیکنگ انڈسٹری اور دیگرماہرین نے شرکت کی۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ پاسچرائزیشن کا عمل ہی کھلے دودھ کا واحد متبادل ہے جس کے ذریعے عوام کو خالص، صحت مند اور معیاری دودھ کی فراہمی ممکن ہے۔ پاسچرائزڈ دودھ ابال کر پیک کیا جاتا ہے اور محفوظ طریقے سے صارف تک پہنچتا ہے۔انھوں نے مزید واضع کیا کہ کھلے دودھ کی بھاری مقدار اور صوبہ بھر میں اس کی ترسیل کے بڑے نظام کی بدولت اس کی مکمل حفاظت ممکن نہیںہے ۔

خالص، صحت مند اور بہترین دودھ کی فراہمی صرف پاسچرائزیشن کے عمل سے ہی ممکن ہے اورپنجاب فوڈ اتھارٹی خالص دودھ کی فراہمی کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لا رہی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی پاسچرائزیشن قانون پاس کر چکی ہے اور 5 سال کے اندر کھلے ،غیر معیاری دودھ پر مکمل پابندی لگانے اور عوام کو حفظانِ صحت کے مطابق معیاری دودھ پیکنگ میںفراہم کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر وی سی یو واس ڈاکٹر طلعت محمود پاشا نے اپنے خیالات کا ا ظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے ذیادہ تر ممالک میں پاسچرائزیشن کا عمل اپنایا جا چکا ہے اور پاکستان مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں توپاسچرائزیشن عمل کو لانا مشکل نہیں ہے ۔انڈسٹری کے نمائندوں نے پاسچرائزیشن کی سہولت کو گائوں کی سطح پرمتعارف کروانے اور اس کے ثمرات کسانوں تک پہنچانے اور حکومت پنجاب اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :