ممتاز قانون دان و انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم ‘ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار‘ نواز شریف‘ شہباز شریف‘ مریم اورنگزیب‘ عمران خان‘ اعتزاز احسن‘ آصف زرداری‘ بلاول بھٹو زرداری‘ اور دیگر شخصیات کا اظہار افسوس

اتوار 11 فروری 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 11 فروری 2018ء) معروف اور سینئر وکیل و قانون دان عاصمہ جہانگیر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔ اتوار کو معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔عاصمہ جہانگیر کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر فیروز پور روڈ پر واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔

عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئی ۔66 سالہ عاصمہ جہانگیر ناصرف سپریم کورٹ بار کی سابق صدر تھیں بلکہ معروف قانون دان ہونے کے علاوہ انسانی حقوق کے حوالے سے بھی وہ بہت بڑا نام تھیں۔ 66 سالہ عاصمہ جہانگیرانسانی حقوق کی علمبردار اور سماجی کارکن بھی تھیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان‘ معروف قانون دان اعتزاز احسن‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری‘ شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر شخصیات نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اپنے تعزیتی بیان میں عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی قانون کی حکمرانی ‘ جمہوری اداروں کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی۔ عاصمہ جہانگیر کی آئین و قانون کی بالادستی کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ معاشرے کے مکاتب فکر اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحومہ کو قانون اور انسانی حقوق پر ان کی خدمات کیلئے تادیر یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایک بہادر اور دلیر خاتون تھیں انہوں نے جمہوریت کی بحالی اور خواتین کے حقوق کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔

عاصمہ جہانگیر کی ملک کے لئے دی جانے والی قانونی اور معاشرتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے بہادری سے جدوجہد کی۔ ان کا انتقال بہت بڑا دھچکہ ہے۔ عاصمہ جہانگیر ایک فرد نہیں انسانی حقوق کے لئے ایک موثر آواز تھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ملک ایک جمہوری شمع سے محروم ہوگیا۔ عاصمہ جہانگیر زندگی بھر جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرتی رہیں۔ پاکستانی قوم ایک دلیر بیٹی اور ماں کے انتقال پر غم زدہ ہے۔ عاصمہ جہانگیر کا نام تاریخ کے سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر پیپلز پارٹی سوگ میں ہے۔ عاصمہ جہانگیر کو 2010 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔