کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن نے وطن واپسی کیلئے رضا مندی ظاہر کردی

پیر 12 فروری 2018 15:21

منیلا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 فروری 2018ء)کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن نے صدر روڈریگو ڈیوٹرٹ کی پیش کش پر وطن واپسی کیلئے رضا مندی ظاہر کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے وزیر محنت سلویسٹر بیلو سوم نے بتایا ہے کہ ہمیں جمعہ کو یہ مطلع کیا گیا تھا کہ کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی وطن واپسی پر آمادہ ہیں۔

ان میں بعض کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور انھوں نے استثنا کی درخواست کی ہے۔فلپائنی صدر نے جمعہ کویت میں اپنے ملک کی ایک تارکِ وطن ملازمہ کی پراسرار موت کے بعد وہاں کام کرنے والے فلپائنی شہریوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا تھا اور ملک کی دو نجی فضائی کمپنیوں فلپائن ائیر لائنز اور سیبی پیسیفک سے ان تارکینِ وطن کو 72 گھنٹے میں واپس لانے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

مسٹر بیلو کا کہنا تھا کہ ان دونوں فضائی کمپنیوں نے کویت سے فلپائنی ورکروں کی مفت واپسی کے لیے چارٹر پروازوں کا بندوبست کیا ہے اور قریبا پانچ سو فلپائنی ورکروں کی جلد منیلا واپسی متوقع ہے۔ان کے بہ قول حکومت واپس آنے والے تارکین ِ وطن کو روزگار دلانے کے لیے اقدامات کرے گی اور انھیں روزمرہ کا خرچہ مہیا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اب متبادل مارکیٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ان میں سے ایک چین اور روس بھی ہے۔ تاہم انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔فلپائنی صدر ڈوٹرٹ نے جنوری میں کویت میں متعدد فلپائنی ورکروں کی اموات کے بعد اس خلیجی ریاست میں اپنے شہریوں کو بھیجنے کا سلسلہ معطل کردیا تھا اور اب کہا ہے کہ یہ پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گی۔