انشااللہ میں جلد ہی وطن واپس آ جائوں گا‘ صرف ڈاکٹرز کی جانب سے اجازت ملنے کا انتظار ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد اسحاق ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 12 فروری 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 فروری 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انشااللہ میں جلد ہی وطن واپس آ جائوں گا‘ صرف ڈاکٹرز کی جانب سے اجازت ملنے کا انتظار ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے وطن سے دور خوشی سے نہیں بیٹھا ہوا بلکہ اپنے علاج کے لیے رکا ہوا ہوں اور جونہی ڈاکٹرز نے مجھے اجازت دی میں اپنے وطن واپس آ جائوں گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری جانب سے سینیٹ کی 2 سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے ایک سیٹ سے مجھے دستبردار ہونا تھا لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے میرے ان کاغذات نامزدگی کا مسترد کیا جانا سمجھ سے بالا تر ہے کیونکہ ایک ہی بنک اکائونٹ سمیت تمام تر دستاویزات جمع کرانے کے باوجود میرے کاغذات نامزدگی کا مسترد ہونا بنتا ہی نہیں اور نہ ہی میرے دونوں کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن والے زیادہ مجبوری میں ہیں لیکن اگر میرے دونوں کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تو پھر ہم اپیل میں جائیں گے اور امید ہے کہ انشااللہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔