آئین، پارلیمنٹ اور ووٹ کے تقدس کیلئے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے، پہلے بھی ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے ملک دولخت ہوا،

آئین کی پاسداری کرنے والوں کو ہمیشہ زندہ باد کہیں گے، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب

منگل 17 اپریل 2018 22:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 اپریل 2018ء)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آئین پارلیمنٹ اور ووٹ کے تقدس کیلئے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے کیونکہ پہلے بھی ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے ہی ملک دولخت ہوا، آئین کی پاسداری کرنے والوں کو ہمیشہ زندہ باد کہیں گے۔

منگل کو نیشنل لائبریری میں ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ججوں اور سیاستدانوں سمیت ہم سب آئین کے تحت حلف اٹھاتے ہیں۔آئین میں ہر ادارے کی حدود کا فریم ورک موجود ہے، عدلیہ، انتظامیہ اور پارلیمنٹ سب کی حدود کا تعین کیا گیا ہے، اگر ان میں سے کوئی بھی ادارہ ان حدود سے باہر نکل کر متحرک ہو گا تو یہ آئین کی روح کے منافی ہو گا، پھر سب کا فرض بنتا ہے کہ مل کر اس ادارے کو اس طرز عمل سے روکیں، اگر کوئی جمہوری شخص ڈکٹیٹر بنے گا تو پھر اس کے خلاف ہمیں نکلنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق پاکستان کو قائم رکھنے کیلئے آئین کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنانا ہو گا، پاکستان ہمارا ملک ہے،ہمیں بڑی مشکلوں سے ملا ہے، 1970ء کا پاکستان آج کی پاکستان سے زیادہ مضبوط تھا، ووٹ کو عزت نہ دینے اور بعض دیگر غلطیوں کی وجہ سے ملک دولخت ہوا، اب بھی اگر ووٹ کی عزت نہ رہی تو اس کے منفی اثرات ہوں گے، آئین کی پاسداری کرنے والوں کو زندہ باد کہیں گے، آئین پارلیمنٹ اور ووٹ کے تقدس کیلئے جس تک جانا پڑا جائیں گے۔