تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور چوہدری نثار کے درمیان ملاقات

جمعرات 19 اپریل 2018 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 اپریل 2018ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور چوہدری نثار کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر اور صحافی کامران خان نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ کامران خان کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات اتفاقیہ تھی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ایک سوشل تقریب کے دوران ہوئی جہاں وہ دونوں بطور مہمان شرکت کیلئے آئے تھے۔ اس دوران عمران خان اور چوہدری نثار نے آمنے سامنے بیٹھ کر کافی دیر تک گفتگو کی۔ کامران خان کا مزید کہنا ہے کہ یہ ملاقات کچھ روز قبل ہوئی تھی جس کے بعد اس چوہدری نثار اور تحریک انصاف کی قیادت کے دوران بیک ڈور کئی مرتبہ رابطے ہو چکے ہیں۔ کامران خان کا مزید کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں اور رابطوں کے باوجود چوہدری نثار کی تحریک انصاف میں شمولیت کا معاملہ اب بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ چوہدری نثار نے تاحال تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔