آسٹریلوی حکومت کی عراق میں داعش کے لبنانی نڑاد لیڈر کی گرفتاری کی تصدیق

جمعرات 19 اپریل 2018 19:50

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 اپریل 2018ء)آسٹریلوی حکومت نے عراق میں داعش کے لبنانی نژاد لیڈر کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔اس سے قبل میڈیا کے ذریعے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ سڈنی سے متحدہ عرب امارات جانے والی ایک پرواز کو دھماکے سے اڑانے کی سازش میں ملوث داعش کے مشتبہ کمانڈر اور اس کے ایک آسٹریلوی رشتے دار کو گرفتار کیا گیا۔

آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی ) کی رپورٹ کے مطابق داعش کے لبنانی نڑاد کمانڈر طارق خیاط اور اس کے ایک رشتے دار احمد مرحی کو رواں سال کے شروع میں عراق میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ان کے کیسوں سے متعلق سفارتی حساسیت کے پیش نظر ان کی گرفتاری کو خفیہ رکھا گیا تھا۔آسٹریلوی وزیر دفاع میریس پائن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عراق میں ایک آسٹریلوی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی پولیس نے خیاط پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے سڈنی میں مقیم اپنے دونوں بھائیوں خالد اور محمود خیاط کو اتحاد ائیرویز کی ایک مسافر پرواز کو گذشتہ سال 15 جولائی کو دھماکے سے اڑانے کی ہدایت دی تھی۔ واضح رہے کہ احمد مرحی آسڑیلیا سے تعلق رکھنے والے داعش کے پہلے جنگجو ہیں جن کی عراق میں گرفتاری عمل میں آئی ہے