شادی سے انکار پر حوا کی بیٹی تیزاب گردی کا شکار‘ ملزم گرفتار

جمعرات 19 اپریل 2018 01:00

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 اپریل 2018ء)تھانہ سول لائن کے علاقہ میں شادی سے انکار پر حوا کی بیٹی تیزاب گردی کا شکارہو گئی ، تیزاب سی90فیصد جسم جھلس گیا ، ڈی پی او سیالکوٹ کے حکم پر ملزم کو فوری گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن کے علاقہ پاکپورہ میں 25سالہ عاصمہ مقامی شہری عبد القدوس کے گھر پر ملازمت کرتی تھی کہ رضوان نامی ملزم نے شادی سے انکار کرنے پر اس پر خطرناک تیزاب پھینک دیا جس سے خاتون کا جسم90فیصد جھلس گیا اور ملزم موقع سے فرار ہو گیا ۔

خاتون کو فوری طور پر گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر تشویشناک حالت کے پیش نظر خاتون کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اسد سرفراز خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس حکام کو فوری ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ سول لائن انسپکٹر شاہد گجر اور ان کی ٹیم نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اسد سرفراز خان نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم رضوان خاتون عاصمہ سے شادی کرنا چاہتا تھا ، شادی سے انکار پر ملزم نے یہ گھناؤنا قدم اٹھایا ہے ۔ ملزم کے خلاف درج ہونے والے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کر لی گئی ہیں ۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے مزید بتایا کہ ملزم کی تفتیش جاری ہے۔