وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 20 اپریل 2018 23:54

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 اپریل 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے جمعہ کو یہاں ونڈسر کیسل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ یہ ملاقات دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم کو دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کشمیری عوام کی تحریک کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم کو دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دوطرفہ بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور برطانیہ کے ترقیاتی ادارہ کی جانب سے پاکستان میں کام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے بالخصوص بریگزٹ کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد دینے کیلئے ٹریڈ انوائے کی تقرری کو بھی سراہا۔ انہوں نے اپنے دورہ کابل کا بھی حوالہ دیا اور افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور گذشتہ 10 سے زائد برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانیوں کے متاثر ہونے کے ذکر کو دہرایا۔

انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ان کے حالیہ دورہ کابل میں افغانستان میں امن کے حوالہ سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے حالیہ مبینہ استعمال کے ذکر پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیمیائی ہتھیاروں کے کسی بھی طرح کے استعمال کی مذمت اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل اصولوں پر کاربند رہنے سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔