بحرین میں 24 شیعہ افراد کو دہشت گرد گروپ تشکیل دیکر جیل کی سزائیں،شہریت منسوخ

دس مجرموں کو عمر قید ، دس کو دس ،دس سال اور چار کو تین سے پانچ سال تک قید کی سزاؤں کاحکم سنایاگیا،عدالتی ترجمان

جمعہ 20 اپریل 2018 12:14

منامہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 اپریل 2018ء)بحرین میں ایک عدالت نے 24 شیعہ افراد کو ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنادیں جبکہ ان تمام کی بحرین کی شہریت منسوخ کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بحرین کے ایک عدالتی ترجمان نے بتایاکہ ان مشتبہ افراد پر ایک دہشت گرد گروپ کی تشکیل کے علاوہ ہتھیار چلانے اور دھماکا خیز مواد کی تیاری کی تر بیت کے لیے عراق اور ایران جانے اور پولیس افسروں کے قتل کی سازش کے الزامات بھی عاید کیے گئے تھے۔

بحرین کی اعلیٰ فوجداری عدالت نے ان میں دس مجرموں کو عمر قید ، دس کو دس ،دس سال اور چار کو تین سے پانچ سال تک قید کی سزاؤں کو حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں بعض مجرمان گذشتہ سال بحرین کی باپکو ریفائنری اور سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو کے درمیان تیل پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا نے کے واقعے میں بھی ملوث بتائے گئے ہیں ۔اس دھماکے کے بعد سعودی صوبے ظہران اور باپکو ریفائنری کے درمیان پائپ لائن سے تیل کی ترسیل منقطع ہوگئی تھی اور اس کی مرمت کے بعد اس کو بحال کیا جاسکا تھا۔

منامہ کی حکومت نے فروری میں اس تیل پائپ لائن پر حملے کے الزام میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی تھی اور ایران پر ان میں سے دو افراد کو عسکری تربیت دینے کا الزام عاید کیا تھا لیکن ایران نے اس کی تردید کی تھی۔